ہم خیال اراکین نے نیا گروپ بنا لیا

لاہور( پی این آئی)تحریکِ انصاف چھوڑنے والے ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ ہم خیال اراکین نے نیا گروپ بنا لیا ہے۔ڈاکٹر مراد راس نے ’جیو نیوز‘ سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم خیال اراکین نے ڈیموکریٹس کے نام سے گروپ بنایا ہے، گروپ کا نام ہاشم ڈوگر کی زیرِ صدارت اجلاس میں فائنل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم خیال اراکین فی الحال جہانگیر ترین گروپ کے ساتھ نہیں جائیں گے، گروپ کے اراکین کی شناخت فی الحال ظاہر نہیں کی جائے گی۔

ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ گروپ الیکشن کمیشن میں رجسٹر نہیں کروایا جائے گا، مسلم لیگ ق، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن میں شامل نہیں ہوں گے۔انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ ہم سب لوگوں سے رابطے میں ہیں۔علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما اور سینئر سیاستدان جہانگیر ترین کی نئی سیاسی جماعت کیلئے 2 مجوزہ نام سامنے آگئے ہیں جن میں عوام دوست پارٹی اور پاکستان انصاف پارٹی کے نام شامل ہیں تاہم فی الحال اس حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

ذرائع کے مطابق نئی سیاسی جماعت کے لئے متعدد نام زیر غور آئے جن میں دو مجوزہ ناموں پر غور کیا جارہا ہے ۔ دوسری جانب یہ مشاورت بھی جاری ہے کہ الگ سیاسی جماعت بناکر کردار ادا کیا جائے گروپ کی صورت میں کسی صورت کی حمایت کی جائے اور اس حوالے سے گروپ میں مختلف آراء پائی جاتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کے حوالے سے رواں ہفتے حتمی فیصلہ کیے جانے کا امکان ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close