پرویز الٰہی کی ق لیگ میں واپسی پر چوہدری شافع حسین کا ردِعمل آگیا

اسلام آباد(پی این آئی) مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری سرور اور چوہدری شافع حسین کی جناح ہاؤس آمد ہوئی۔انہوں نے جناح ہاؤس پر حملہ کرنے والے شرپسندوں کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شافع حسین نے کہا کہ چوہدری پرویز الہیٰ خاندانی طور پر آئے تو خوش آمدید کہیں گے۔اگر پرویز الہیٰ تحریک انصاف چھوڑتے ہیں تو بہتر ہے اپنی علیحدہ جماعت بنا لیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو چاہئیے پاک فوج کی عزت کریں۔ہمیں 14 اگست 1947 میں آزادی مل گئی تھی، اب ملک کی ترقی کا سوچنا چاہئیے۔ جب کہ چوہدری سرور نے کہا کہ سیاسی جماعت پر پابندی کے حق میں نہیں ہوں۔کسی نے ن لیگ کو چھوڑنے کے لیے نہیں کہا تھا۔میں اپنے فیصلے خود کرتا ہوں۔ یہاں واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری شافع حسین نے مسلم لیگ لیبرونگ میں فعال خدمات پر محمد اشرف چوہدری کو پاکستان مسلم لیگ لیبرونگ پنجاب کا جنرل سیکرٹری مقرر کردیا۔ انہوںنے مسلم لیگ ہائوس میں منعقدہ ایک تقریب میں محمد اشرف چوہدری کو جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ لیبرونگ پنجاب کا نوٹیفکیشن دیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ محمد اشرف چوہدری اپنی نئی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے حوالے سے پہلے سے بڑھ کر مستعدی اور دلجمعی سے کام کرینگے اور پاکستان مسلم لیگ کی قابل فخر سیاسی و اخلاقی روایات کی پاسداری کرتے ہوئے رواداری، اعتدال پسندی، برداشت اور بردباری جیسی اعلیٰ انسانی اقدار کے فروغ اور وطن عزیز میں مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے سیاسی، جمہوری و اقتصادی استحکام کے لیے اپنی ملی، قومی و تنظیمی ذمہ داریاں پوری کرینگی-انہوںنے کہا کہ میں دعا گو ہوں کہ یہ عہدہ آپ کے سیاسی مستقبل کے لیے موثر کردار ادا کرے اور مزید آگے بڑھنے کے لیے ترقی کا اہم زینہ ثابت ہو۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close