لاہور(پی این آئی) پی ٹی آئی کی گرفتار خواتین کو آج انسداد دہشتگردی کی عدالت پیش کیا گیا۔پاکستان تحریک انصاف کی ورکر صنم جاوید خان کی بیٹی کی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے بھی ملاقات ہوئی۔
انسداد دہشتگردی عدالت میں صنم جاوید کی بیٹی کی عمران خان سے ملاقات
کیا آپ نے صنم سے پوچھا ہے؟ کیا وہ ٹھیک ہے؟ عمران خان کا سوال
جی! صنم جاوید کو آج عدالت لایا گیا ہے، والد صنم جاوید
چلیں اسکی بیٹی کو اللہ صبر دے، عمران خان pic.twitter.com/E9vPkPy5wS
— Junior Analyst (@AzbaAbdullah) June 2, 2023
عمران خان نے صنم جاوید خان کی بیٹی کے سر پر ہاتھ رکھا اور اور صنم جاوید کی والدہ سے سوال کیا کہ آپ نے صنم سے پوچھا ہے؟ وہ ٹھیک ہے؟ ۔صنم جاوید کی والدہ کی جانب سے عمران خان کو بتایا گیا کہ آج انہیں عدالت لایا گیا ہے۔عمران خان نے کہا کہ اللہ صنم کی بیٹی کو صبر دے۔اس موقع پر صنم جاوید کی والدہ نے بھی عمران خان کو کہا کہ اللہ آپ کو حوصلہ دے۔آج عالیہ حمزہ اور خواتین ورکرز صنم جاوید،طیبہ راجہ کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔پی ٹی آئی خواتین ورکرز نے جیل میں تشدد کی تردید کر دی،صنم جاوید نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ جیل میں ہمارے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوئی،جیل میں رکھنا ہی زیادتی ہے کیونکہ ہم نے کچھ نہیں کیا۔عالیہ حمزہ کا کہنا تھا کہ اس سے زیادہ تذلیل کیا ہو گی کہ خواتین کو آدھی رات کو گھروں سے اٹھایا جاتا ہے اور انہیں گھیسٹا جاتا ہے۔اس سے زیادہ آپ خواتین کی کیا تذلیل کریں گے؟۔ طیبہ راجہ نے کہا کہ سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے مسئلہ ہے تو اس حوالے سے کیس کریں،سیاسی انتقام کا نشانہ نہ بنایا جائے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے تحریک انصاف کی سینئر رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی عالیہ حمزہ کو جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں شناخت پریڈ کے لیے جیل بھیج دیا تھا،انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کی جج عبہر گل خان نے پولیس کی درخواست پر سماعت کی جس میں استدعا کی گئی کہ عالیہ حمزہ کو شناخت پریڈ پر جیل بھیج دیا جائے۔عالیہ حمزہ کے وکیل کے اعتراض پر پولیس نے وارنٹ پیش کئے۔ عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے عالیہ حمزہ کو شناخت پریڈ کے لیے پانچ دن کے لئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔ عدالت نے حکم دیا کہ شناخت پریڈ کے بعد عالیہ حمزہ کو دوبارہ 29 مئی کو عدالت میں پیش کیا جائے،عالیہ حمزہ کے خلاف تھانہ فیکٹری ایریا میں دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں