عمران خان کیلئے بڑا دھچکا، پی ٹی آئی کی مزید 2 بڑی وکٹیں گر گئیں

لاڑکانہ (پی این آئی) مرکزی سینئر نائب صدر پی ٹی آئی سندھ امیربخش بھٹو اور سینئر نائب صدر اللہ بخش انڑنے تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان کردیا ہے۔ وہ آج یہاں لاڑکانہ میں پریس کانفرنس کررہے تھے۔

امیربخش بھٹو نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سندھ کے عوام کی فلاح پر کوئی توجہ دی اور نہ ہی انہیں سندھ میں کوئی دلچسپی تھی۔نومبر میں علی زیدی اور اسد عمر کو ناانصافیوں پر عہدہ چھوڑنے کیلئے خط بھی لکھا تھا۔ ناانصافی پر پارٹی رکنیت اور عہدے سے استعفا دے رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پریس کانفرنس کا نو مئی کے واقعات سے تعلق نہیں، 9 مئی کے واقعات دہشتگردی تھی جس کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ مزید برآں تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء عثمان ڈار کے بھائی عامر ڈار نے بھی پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔انہوں نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی بھرپور مذمت کرتا ہوں ، کسی سے کوئی جھگڑا نہیں ، سیاست سے دستبردار ہونے کا اعلان کررہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عثمان ڈار اپنے فیصلے کے خود مالک ہیں۔ ملتان سے پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے سید رفاقت گیلانی نے بھی 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو خیرباد کہہ دیا ہے۔

اسی طرح تحریک انصاف کے شجاع آباد سے سابق رکن قومی اسمبلی ابراہیم خان ملیزئی نے پی ٹی آئی کو خیرباد کہہ دیا۔بدھ کو رات گئے پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد کوئی محب وطن پی ٹی ائی کا حصہ نہیں رہ سکتا، ان حالات میں میں نے اپنے حلقہ کے کارکنوں سے مشاورت سے فیصلہ کیا ہے کہ ہم اب ایسی جماعت کا حصہ نہیں رہ سکتے جو ملکی اور فوجی املاک کو نقصان پہنچائے، انہوں نے کہا کہ میں فی الحال سیاست سے بریک لے رہا ہوں ،اپنے حلقہ کے لوگوں کو اکیلا نہیں چھوڑوں گا جب صحت اجازت دے گی تو میں دوبارہ سیاست کروں گا۔دوسری جانب آصف زرداری سیاسی محاذ پر سرگرم،وسطی پنجاب سے پی ٹی آئی کی 6 با اثر شخصیات کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا امکان ہے۔ سابق صدر آصف زرداری نے الیکشن سے قبل جوڑ توڑ کیلئے لاہور میں ڈیرے ڈال لیے،آصف زرداری آج پیپلز پارٹی وسطی پنجاب اور لاہور کی قیادت سے ملاقات کریں گے۔

آصف زرداری نے رانا فاروق،حسن مرتضی اور شہزاد سعید چیمہ کو بلاول ہاؤس لاہور بلا لیا۔وسطی پنجاب سے پی ٹی آئی کی 6 با اثر شخصیات پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گی۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری آج شام بلاول ہاؤس میں پارٹی میں شامل ہونے والوں سے ملاقات کریں گے۔ پی ٹی آئی سے پیپلز پارٹی میں آنے والوں کا ماضی دیکھ کر شمولیت کا فیصلہ ہو رہا ہے،آصف زرداری کی صدر مسلم لیگ ق چوہدری شجاعت حسین اور دیگر رہنماؤں سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز سابق صدر آصف زرداری چارٹر طیارے سے لاہور پہنچے،سابق صدر سخت سکیورٹی میں ائیرپورٹ سے بلاول ہاؤس روانہ ہوئے،آصف زرداری لاہور میں کچھ روز قیام کریں گے۔ اسی طرح چیف آرگنائزر مسلم لیگ ق چوہدری سرور نے پی ٹی آئی چھوڑنے والے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دے دی،چوہدری سرور سے سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے ملاقات ہوئی جس میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سردار تنویر الیاس مسلم لیگ ق میں شمولیت کے بعد پریس کانفرنس بھی کریں گے،جبکہ چوہدری سرور سے پاکستان تحریک انصاف کے منحرف اراکین اسمبلی نے بھی ملاقاتیں کرکے آئندہ انتخابات کے لئے پارٹی ٹکٹ کی یقین دہانی مانگ لی جس پر چوہدری سروری نے کہا کہ جو زبان دوں گا اس کی لاج رکھوں گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں