نئے بجٹ میں صنعتی ترقی کی تجاویز، وزیر اعظم شہباز شریف نے خصوصی ہدایات جاری کر دیں

اسلام آباد(آئی این پی)وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت صنعتی شعبے کے حوالے بجٹ تجاویز پر اجلاس منعقد ہوا، وزیر اعظم نے صنعتکاروں کی طرف سے دی گئی تجاویز کو حتمی شکل دے کر بجٹ میں شامل کرنے کی ہدایت کر دی۔اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوام کو زیادہ ریلیف دینے اور معیشت کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی،

صنعتی شعبے کی پیداوار اور برآمدات بڑھانے کیلئے اقدامات بجٹ کا حصہ ہوں گے، بذات خود یقینی بناں گا کہ صنعتی شعبے سے تجاویز بجٹ کا حصہ بنائی جائیں۔وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ چھوٹے، بڑے برآمدی صنعتوں کی پیداوار میں اضافے کے درمیان حائل تمام غیر ضروری رکاوٹوں کو دور کیا جائے، حکومت صنعتوں کو سستی توانائی فراہم کر کے ان کی پیداواری لاگت مزید کم کرے گی، حکومت یہ بھی یقینی بنائے گی کہ بینک چھوٹی صنعتوں کو آسان شرائط پر قرض فراہم کریں، قوموں کی زندگی میں مشکلات آتی ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم با ہمت ہے، ہم سب مل کر معاشی مشکل سے بتدریج نکل رہے ہیں، حکومت، پوری قوم، صنعتکار اور کاروباری حضرات مل کر پاکستان کے بہتر حالات کیلئے محنت کر رہے ہیں، گزشتہ حکومت نے دانستہ طور پر ملک میں سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کو روکا، حکومت بچانے کیلئے آئی ایم ایف معاہدہ توڑا جس کا خمیازہ 22 کروڑ عوام بالخصوص صنعتوں کو بھگتنا پڑا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ گزشتہ ایک برس شرپسند عناصر نے کبھی لانگ تو کبھی شارٹ مارچ اور دھرنوں سے ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، 9 مئی کے واقعات نے نہ صرف ملک میں شر پھیلایا بلکہ پاکستان کو شدید معاشی نقصان پہنچایا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں