اسلام آباد(پی این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے 9 مئی کے واقعات پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اسد عمر کے خلاف لاہور میں درج دہشتگردی کے مقدمے میں 25 ہزار روپے کے مچلکوں پر حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں جمعرات تک متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل ڈویژن بینچ نے پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کی لاہور کے تھابہ گلبرگ میں درج دہشتگردی کے مقدمے میں حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ لاہور کی متعلقہ ٹرائل کورٹ سے رجوع کے لیے کم از کم دو ہفتے کی حفاظتی ضمانت منظور کی جائے اور عدالت ایسا حکم دے کہ ملک بھر میں کہیں سے بھی اس مقدمے میں گرفتار نا کیا جا سکے۔عدالت نے 25 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض اسد عمر کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں جمعرات تک لاہور کی متعلقہ کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔خیال رہے کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد اسد عمر کے خلاف 10 مئی کو لاہور کے تھانہ گلبرگ میں دہشتگردی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں