ملک کو کئی سال پیچھے دھکیلنے والے بے نقاب ہو گئے، نواز شریف کا ٹیلی فونک خطاب

لاہور(آئی این پی)مسلم لیگ (ن)کے قائد اور سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی طرف کسی کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دیں گے، مجھے ہر دور میں مدت پوری نہیں کرنے دی گئی، نجی ٹی وی کے مطابق لاہور میں جلسے سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ آج کے دن پاکستان دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بن کر ابھرا، خواہش تھی کہ دنیا کی ساتویں معاشی طاقت بھی بنیں، ہم کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتے، امتحانی گھڑی میں اللہ نے ہاتھ پکڑا اور درست فیصلے کی توفیق دی،

افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ کچھ لوگوں نے میری ٹانگیں کھینچنا شروع کر دیں، نواز شریف نے کہا نہ جانے ان لوگوں کو کیا بیر ہے ہنستے بستے ملک کو خراب کر دیتے ہیں، ملک سے دہشتگردی، بدامنی، لوڈشیڈنگ کس نے ختم کی؟، 2017میں ڈالر 104اور آج 300روپے کا ہے، میرے دور میں پٹرول 60اور آج 270روپے لٹر ہے، پاکستان کو نفرت کی آگ میں جھونکنے اور عوام کو گمراہ کرنے اور ملک کو کئی سال پیچھے دھکیلنے والے بے نقاب ہوگئے،سابق وزیر اعظم نواز شریف نے مزید کہا ہے کہ اللہ نے یہ وطن 9مئی جیسے یوم سیاہ کیلئے نہیں بلکہ 28مئی جیسے روشن دن کیلئے عطا کیا ہے، میں نے پاکستان کی بڑے خلوص اور محبت کے ساتھ خدمت کی ہے، قوم کو اپنی اولاد سمجھا ہے لیکن اس بات کا افسوس رہتا ہے کہ تینوں مرتبہ مجھے کسی نہ کسی بہانے سے مقدس مشن کو آگے بڑھانے سے محروم رکھا گیا اور بعد ازاں محروم کر دیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں