شیخ رشید کو ختم کرنے کی ذمہ کن لوگوں کو سونپ دی گئی؟ خود ہی سنگین الزام عائد کر دیا

راولپنڈی (پی این آئی ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 3 آدمیوں کو مجھے ختم کی ذمہ داری دی گئی ہے، موت میری محبوبہ ہے، ہتھکڑی میرا زیور ہے اور جیل میرا سسرال ہے، بزدل نہیں ہوں‘ دوستی اور دشمنی قبر کی دیوار تک نبھاؤں گا۔

جب تک عمران خان یہ لڑائی لڑ رہا ہے اس کے ساتھ کھڑا ہوں، 9 مئی کے واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے ذمہ داروں کو سزا دی جائے۔تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک ویڈیو پیغام میں سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک سے باہر ہونے کے باوجود 9 مئی کے واقعے کی مذمت کی، میں پاک فوج کو عظیم اور پاکستان کا محافظ سمجھتا ہوں۔ میں بزدل نہیں ہوں، دوستی اور دشمنی قبر کی دیوار تک نبھاؤں گا۔سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پچھلے 20 دنوں سے میری بہنوں، بھائیوں، بھتیجوں حتٰی کہ 30 سال پہلے میری مری ہوئی ماں کے گھر پولیس مسلسل چھاپے مار رہی ہے اور میری والدہ کے گھر کو توڑ پھوڑ دیا ہے، 3 آدمیوں کو مجھے ختم کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے، میں دفاع کا حق رکھتا ہوں، پاکستان کی حقیقی حکومت کے ذمہ داران کو لکھ دیا ہے کہ زیادتی کی ایک حد ہوتی ہے اور یہ زیادتی انتہا تک پی ڈی ایم کے لوگ لے کر جا رہے ہیں۔

جو یہ فصل بو رہے ہیں باالآخر انہوں نے کاٹنی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں پچھلے دن سے کسی چینل پر نہیں جا رہا اور صرف ایک ٹوئیٹ دے رہا ہوں، اگر میرے ٹوئٹر سے بھی ان کو تکلیف ہے تو میں جب تک گرفتار نہیں ہوں گا ٹوئیٹ کرتا رہوں گا اور جو لوگ پی ٹی آئی چھوڑ کر جا رہے ہیں ان کی مجبوری ہو سکتی ہے یا وہ کمزور ہو سکتے ہیں، وہ دباؤ برداشت نہیں کرسکتے، وہ سسرال جیل کاٹ نہیں سکتے لیکن میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ موت میری محبوبہ ہے، ہتھکڑی میرا زیور ہے اور جیل میرا سسرال ہے، جب تک عمران خان یہ لڑائی لڑ رہا ہے اس کے ساتھ کھڑا ہوں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close