عمران خان کے قریبی رہنما کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا

ملتان (پی این آئی) پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہونے والے عامر ڈوگر کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر کو تیسری مرتبہ گرفتار کر لیا گیا ہے، وہ 3 روز قبل خانیوال میں رہائی پانے کے بعد پولیس کو چکمہ دے کر دوبارہ گرفتار ہونے سے بچ نکلے تھے۔

تاہم اب انہیں ملتان موٹروے سے دوبارہ گرفتار کر لیا گیا، اس حوالے سے عامر ڈوگر کی جانب سے ٹوئٹ کر کے تصدیق کی گئی ہے۔عامر ڈوگر نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ “مجھے ملتان پولیس نے ملتان شیر شاہ موٹروے انٹرچینج سے دوبارہ گرفتار کر لیا ہے۔ تمام عدالتی ضمانتیں ہونے کے باوجود اس ظالم حکومت نے مجھے پولیس گردی کے ذریعے یہ تیسری دفع گرفتار کیا ہے۔کوئی نہیں، ظلم کے یہ بادل بھی چھٹ جائیں گے۔ پاکستان زندہ باد”۔واضح رہے کہ رواں ہفتے منگل کے روز پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر عامر ڈوگر نے پولیس کی انہیں گرفتار کرنے کی کوشش ناکام بنا دی تھی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کے روز پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر کو خانیوال میں کچہ کھوہ پولیس نے عدالت میں پیش کیا تھا۔ انہیں 2 مقدمات کے سلسلے میں گرفتاری کے بعد عدالت پیش کیا گیا۔ تاہم عدالت نے سابق وفاقی وزیر کو پولس کی جانب سے درج مقدمات میں بری کر دیا، جس کے بعد عامر ڈوگر جیسے ہی عدالت سے باہر نکلے تو پولیس نے انہیں دوبارہ گرفتار کرنے کی کوشش کی۔اس موقع پر تحریک انصاف کے وکلاء نے عامر ڈوگر کو گھیر لیا۔

جبکہ سابق رکن قومی اسمبلی اس تمام صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہو گئے۔ پولیس کی جانب سے عامر ڈوگر کو گرفتار کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی تھی، تاہم وہ اس کوشش میں ناکام رہی۔ عامر ڈوگر کی رہائی کے بعد پولیس نفری نے کچہری کو کافی وقت تک گھیرے میں لیے رکھا ہے، تاہم اس کے باوجود پی ٹی آئی رہنما فرار ہونے میں کامیاب رہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں