سکول کے بچوں پر تشدد کرنے والے اساتذہ کو سزا دینے کا قانون نافذ کر دیا گیا

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، وزارت قانون و انصاف، پارلیمانی کاکس برائے بچوں کے حقوق، اور اقوام متحدہ ادارہ اطفال(یونیسیف)پاکستان نے ایک تاریخی تعاون میں اکٹھے ہو کر”اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری پرہیبیشن آف کارپورل پنشمنٹ رولز، 2022۔”کااعلان کر دیا۔ یہ اہم تقریب اسلام آباد ماڈل کالج برائے گرلز (آئی ایم سی جی ) ایف ٹین ٹو میں منعقد ہوئی۔

“اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری پرہیبیشن آف کارپورل پنشمنٹ رولز، 2022” کا اجرا دارالحکومت کے علاقے میں بچوں کو جسمانی سزا کی لعنت سے بچانے کی انتھک کوشش میں ایک تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ جامع قواعد جو آج سے لاگو ہیں، “جسمانی سزا کی روک تھام کے ایکٹ، 2021” کے تحت ہیں جو جسمانی سزا کو ختم کرنے اور بچوں کے لئے ایک محفوظ ماحول پیدا کرنے کی خاطرحکومت اور دیگر شراکت کاروں کے عزم کو تقویت دیتے ہیں۔حاضرین کا خیرمقدم کرتے ہوئے، اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز F-10/2 کی پرنسپل مہناز اکبر عزیز نے وفاقی تعلیم اور قانون کی وزارت کی مشترکہ انتھک کوششوں کو سراہا اورجسمانی سزا کے خلاف ان کے عزم کی تکمیل پر ان کا شکریہ ادا کیا۔وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف، اعظم نذیر تارڑ نے جسمانی سزا کے قوانین کو نافذ کرنے پر شراکت کاروں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اخلاقیات اور اقدار کو زبردستی یا سزا کے ذریعے لاگو نہیں کیا جا سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک دیر سے اٹھایا گیا لیکن درست سمت میں ایک قدم ہے۔ “آج سے ان اصولوں کا نفاذ پاکستان کا حتمی مستقبل کے حصول میں ایک بنیادی رکاوٹ کو ختم کرتے ہوئے بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہمارے وسیع تر وژن کے حصول میں مدد دے گا۔ ” انہوں نے مستقبل میں بھی بچوں کے حقوق اور اس سے متعلقہ قانون سازی کے مقصد کی مکمل حمایت کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت جناب رانا تنویر حسین نے بھی بچوں کے حقوق کو برقرار رکھنے اور عدم تشدد کے کلچر کو فروغ دینے میں ان قواعد کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ “آئیے ان قوانین کو موثر طریقے سے نافذ کرنے کے لئے مل کر کام کریں اور ایک ایسا ماحول تشکیل دیں جہاں ہر بچہ محفوظ ماحول میں پرورش کر سکے۔” انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ قواعد اسکولوں میں تشدد کو کم کرنے کے آغاز کے طور پر کام کریں گے اوروہ اس کی پیروی کرنے کے لئے تمام صوبائی وزارات تعلیم کو خط لکھنے کا عزم رکھتے ہیں۔بل کی تحریک پیش کرنے والی اور پارلیمانی کاکس برائے بچوں کے حقوق کی کنوینر اور پارلیمانی سیکرٹری قانون و انصاف محترمہ مہناز اکبر عزیز نے اپنے خطاب میں قوانین کی اہمیت اور بچوں کی زندگیوں پر ان کے تبدیلی کے اثرات کا خاکہ پیش کیا۔ “آج کا دن ہمارے بچوں کی حفاظت اور ان کی نشوونما اور نشوونما کے لئے محفوظ جگہیں پیدا کرنے کی جانب ایک یادگار قدم ہے۔ جسمانی سزا کے قوانین کا اجرا بچوں کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کو برقرار رکھنے کے لئے ہمارے عزم کا واضح ثبوت ہے۔یہ قواعد پورے اسلام آباد میں تعلیمی اداروں اور بچوں کیدیگرمتعلقہ اداروں سے جسمانی سزا کے خاتمے کے لئیواضح رہنما اصول اوران کے نفاذ کے لئے سخت اقدامات فراہم کریں گے۔ مجھے امید ہے اس اقدام سے وقت اسکول سے باہر 2.4 ملین بچوں کو اسکول جانے کی ترغیب بھی ملے گی۔”انہوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے اس انتہائی ضروری قانون سازی کی حمایت میں وزیر اعظم میاں شہباز شریف، وفاقی وزیر تعلیم، وفاقی وزیر قانون اورپھر اس وقت کے اسپیکر قومی اسمبلی کی حمایت حاصل کی۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ قانون سازی کے دائرہ کار میں سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے، یتیم خانے، بچوں کے ساتھ انصاف کا نظام، رسمی اور غیر رسمی تعلیمی ادارے شامل ہیں جب کہ اس پر عمل درآمد کی نگرانی وزارت تعلیم کرے گی۔پاکستان میں یونیسیف کے نمائندے، جناب عبداللہ اے فاضل نے اپنے خطاب میں کہا کہ “جسمانی سزا فوری طور پر درد اور تکلیف کا باعث بن سکتی ہے، اور افسوس کی بات یہ ہے کہ یہ ناقابل تلافی نقصان اور زندگی بھر کے روگ میں بھی تبدیل ہو سکتی ہے ۔بچوں سے متعلق تمام اداروں، خاص طور پر اسکولوں میں، جسمانی سزا کی روک تھام ایک اہم قدم ہے۔ ہمیں فوری طور پر عملی اقداما کرنیاور اپنا سارا وزن اس ایکٹ کے پیچھے ڈالنے کی ضرورت ہے، تاکہ پاکستان میں تمام بچے ایک محفوظ ماحول میں سیکھنے اور نشوونما حاصل کرنے کے قابل ہوسکیں اور ایک ایسے معاشرے میں محفوظ زندگی گزاریں جو ان کے حقوق اور وقار کا احترام کرتا ہو اور اسے برقرار رکھتا ہو۔زندگی ٹرسٹ کے سربراہ شہزاد رائے نے اس معاملے پر آگہی کے لئے ملک بھر میں مہم چلانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور والدین اور اساتذہ کی ذہنیت کو تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔رسمی خطابات کے بعد حلف برداری کی تقریب منعقد کی گئی جس میں مختلف تعلیمی شعبوں ، سرکاری اور نجی اسکولوں ، مدارس، یتیم خانوں اور SOS ویلج کے سربراہان نے اپنے اسکولوں اور اداروں میں ان اصولوں کو عملی جامہ پہنانے کا عہد کیا۔تقریب رونمائی کا اختتام بچوں کی جانب سے پیش کئے گئے ایک پرجوش خاکے پر ہوا، جس میں جسمانی سزا کے خاتمے اور نوجوان نسل کے لئے پرورش کا بہتر ماحول پیدا کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا گیا۔قواعد کی رونمائی کی اس تقریب میں اہم اسٹیک ہولڈرز کی فعال شرکت کا مشاہدہ کیا گیا۔جن اعلی شخصیات نے اس تقریب میں شرکت کی ان میں محترمہ عائشہ رضا فاروق، چیئرپرسن قومی کمیشن برائے بچوں کے حقوق؛ جناب زمرد خان، سربراہ سویٹ ہومز یتیم خانہ؛ وفاقی وزارت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، وزارت قانون و انصاف کے نمائندے شامل تھے۔ تقریب میں سول سوسائٹی کے اراکین، میڈیا، معززین، شراکت داروں اورا سکول کے بچوں نے بھی شرکت کی۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close