راولپنڈی(آئی این پی)خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں خود کش حملے کے باعث دو جوانوں سمیت چار افراد شہید ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے دتہ خیل کے عام علاقے میں خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔بیان کے مطابق خود کش دھماکے میں دو جوانوں سمیت چار افراد شہید ہو گئے،
شہدا میں چار سدہ کے 33 سالہ نائیک سید اللہ شاہ، ضلع ہری پور کے 31 سالہ سپاہی جواد خان، خیبرپختونخوا پولیس ڈیپارٹمنٹ کے پولیس کانسٹیبل حکیم جان، جن کا تعلق شمالی وزیرستان سے تھا، اور ایک شہری نے شہادت کو گلے لگا لیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق خودکش حملہ آور کا ارادہ ایک عوامی اجتماع کو نشانہ بنانا تھا لیکن سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کی جانب سے فوری جوابی کارروائی نے ایک بڑی تباہی کو روک دیا کیونکہ فوجیوں نے فوری طور پر خودکش حملہ آور کی گاڑی کو شک کی بنیاد پر روک لیا اور متعدد معصوم جانوں کو بچانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر فوجیوں اور معصوم شہریوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں