اسلام آباد (پی این آئی) پی ٹی آئی چھوڑنے والے عثمان ترکئی پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق سابق ایم این اے عثمان ترکئی نے وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس کی اور پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کا مشکور ہوں جنہوں نے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی،پی ٹی آئی چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں آیا ہوں،ہم اپنے گھر میں آج واپس آ گئے۔جبکہ وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عثمان ترکی سمیت دیگر کارکنوں کو پیپلزپارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہیں،تحریک انصاف والے کہتے ہیں ہم نے آزادی لینی ہے لیکن آج عمران خان اپنے ورکرز کا ساتھ دینے کو تیار نہیں۔ عمران خان کو اہلیہ کی فکر ہے کارکنوں کی نہیں،چیئرمین پی ٹی آئی نے کارکنوں کو گمراہ کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ فیاض الحسن چوہان نے کل پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ کس طرح اداروں کیخلاف بولنے کو کہا جاتا ہے،انقلاب کیلئے قربانیں اور جیلیں کاٹنا پڑتی ہیں۔ امریکہ سے آزادی اور امریکہ کی غلامی تک کا سفر قوم نے دیکھا،عمران خان نے امریکا کو خوش کرنے کیلئے یہ سارا کھیل رچایا۔ یاد رہے کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد تحریک انصاف کے متعدد رہنما پارٹی کو خیر باد کہہ چکے ہیں ان میں محمود مولوی،عامر کیانی اور فیض اللہ کموکا سمیت دیگر شامل ہیں۔
اسی طرح گزشتہ روز سابق وفاقی وزیر شریں مزاری اور فیاض الحسن چوہان نے رہائی کے بعد پی ٹی آئی کو چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ شیریں مزاری نے کہا تھا کہ ریاستی علامتوں کو نشانہ بنانے کی سب کو مذمت کرنی چاہئیے،12 دن قید میں رہی اس دوران صحت بھی متاثر ہوئی اور میری بیٹی کو بھی آزمائش سے گزرنا پڑا۔شیریں مزاری نے کہا کہ میں سیاست چھوڑنے کا اعلان کرتی ہوں،آج سے پی ٹی آئی یا کسی بھی سیاسی جماعت کا حصہ نہیں ہوں گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں