پرویزالٰہی کے پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی نے دوران تفتیش اپنی کرپشن سے متعلق سب اگل دیا

لاہور( پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے صدراورسابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی کے پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی نے دوران تفتیش اپنی کرپشن سے متعلق سب اگل دیا جبکہ گجرات زون کے ٹھیکوں میں غیر معمولی گھپلوںاور پوسٹنگ ٹرانسفر کے عوض رشوت اورکمیشن کی مد میں کروڑوں روپے وصول کرنے کا اعتراف کیا ہے ۔بطور پرنسپل سیکرٹری بنائے گئے محمد خان بھٹی کے خفیہ اثاثے سامنے آئے ہیں،دوران تفتیش محمد خان بھٹی کے انکشافات پر اینٹی کرپشن پنجاب نے کارروائی کرتے ہوئے پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کی ایک شوگر مل سے 10کروڑ روپے کی چینی پکڑلی

جبکہ سندھ میں گھوٹکی شوگر مل سے 28 کروڑ مالیت کی چینی ضبط کی۔محکمہ اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق محمد خان بھٹی نے خود نشاندہی کروائی، یہ تمام سٹاک اسی کرپشن کی کمائی سے بنایا گیا تھا،محمد خان بھٹی کے خلاف اینٹی کرپشن گوجرانوالہ سرکل میں درج مقدمہ میں کارروائی جاری ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب نے اینٹی کرپشن کے ڈی جی سہیل ظفر چٹھہ کو کرپشن کے خلاف فری ہینڈ دیا ہے، محکمہ مواصلات اورورکس میں کالی بھیڑوں کے خلاف جلد مزید کارروائیوں کا امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں