عمران خان کا ساتھ چھوڑنے کی خبروں پر پرویز الٰہی کا ردِعمل آگیا

لاہور ( پی این آئی) چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ اقتدار آنے جانے کی چیز ہے، یہ اختیار صرف اللہ کا ہے، عمران خان کیساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں، مونس الہٰی اور میں عمران خان کیساتھ دیوار کی طرح کھڑے ہیں، چوہدری وجاہت حسین نے جو فیصلہ کیا ان سے کوئی شکوہ نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیر اعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے چودھری وجاہت کے پی ٹی آئی چھوڑکر ق لیگ میں شمولیت پر اپنے ردعمل میں کہا کہ وجاہت چھوٹے بھائیوں کی طرح ہے، میں وجاہت کے خلاف نہیں اس نے اپنے حالات کو دیکھ کر فیصلہ کیا،وجاہت دباؤ میں ہیں انہوں نے اپنا فیصلہ کیا جس پر کوئی ناراضی نہیں،عمران خان نے ہم سے جو وعدے کئے پورے کئے، اب ہمارا فرض ہے ہم عمران خان کا ساتھ دیں، مونس اور میں عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں ،عمران خان کے ساتھ ہیں اور ڈٹ کر کھڑے ہیں، اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم عمران خان کے بیانیئے کو بھی سپورٹ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوج کے ساتھاچھے تعلقات چاہتا ہوں، فوج ہمارا اپنا ادارہ ہے غلط فہمیاں علیحدہ چیز ہے، ہمیشہ کوشش رہی کہ فوج اور اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات اچھے ہوں، اقتدار انسان نہیں دیتا اللہ جس کو مناسب سمجھتا اس کو عزت دیتا ہے۔یاد رہے سینئر سیاستدان چوہدری وجاہت حسین نے پرویز الہیٰ گروپ کو خیر آباد کر دیا۔ چوہدری وجاہت حسین نے چوہدری شجاعت حسین گروپ میں واپسی کا اعلان کر دیا۔انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کبھی کوئی جماعت جوائن نہیں کی۔مسلم لیگ قائداعظم کے صدر چوہدری شجاعت حسین ہیں۔میری راہیں کبھی پاکستان مسلم لیگ سے جدا نہیں ہوئیں۔بیٹا حسین الہیٰ بھی مسلم لیگ کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ کر ایم این اے بنا۔پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پورا پاکستان فوجی تنصیبات پر حملوں کی مذمت کر رہا ہے۔ فوجی تنصیبات پر حملوں کی بھرپور مذمت کرتا ہوں۔

ہماری جماعت اور ہمارے خاندان کا کبھی ایسا رویہ رہا، ان واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ہمارے خاندان میں کچھ فیصلے کیے گئے، وقت نے ثابت کیا وہ فیصلے غلط تھے۔خیال ہے چوہدری شجاعت واپس آنے والوں کو خوش آمدید کہیں گے۔ چوہدری شجاعت حسین میرے بڑے بھائی اور والد کی جگہ ہیں۔ دعا ہے آنے والے وقت میں پورے خاندان کو اکٹھا دیکھ سکیں۔ ہو سکتا ہے جنہوں نے دراڑیں ڈالی ہیں وہی ٹھیک کر رہے ہوں۔ مقدمات فرضی ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ جتنے مقدمات چل رہیں ان کا عدالتوں میں سامنا کریں گے۔میری بات سے کسی کی دل آزاری ہوئی تو الفاظ واپس لیتا ہوں۔میرا نہیں خیال میں جو بات کہوں اس کے علاوہ کوئی تیسری بات کرے، چوہدری وجاہت حسین نے مزید کہا کہ چوہدری مونس الہیٰ سے کوئی رابطہ نہیں ہے، پرویز الہیٰ سے رابطہ ہے اور ان سے یہی کہتا ہوں کہ گھر واپس آ جائیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close