ہر حاجی کے اکاؤنٹ میں55 ہزار روپے واپس بھجوا دیئے گئے، وزیر مذہبی امور کا بڑ ااعلان

اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود نے کہا ہے کہ قربانی کی مد میں وصول کئے گئے 55 ہزار روپے فی کس کے حساب سے عازمین کے اکائونٹ میں واپس بھجوا دیئے گئے ہیں۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ پہلی حج فلائٹ (آج) اتوار کراچی سے روانہ ہو گی، اس کے بعد رات 9 بج کر 20 منٹ پر اسلام آباد سے مدینہ منورہ کیلئے پرواز روانہ ہو گی ، پوری کوشش کی ہے کہ بہتر انتظامات کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ پونے دو لاکھ پاکستانی حج کی سعادت حاصل کریں، ایک اندازے کے مطابق پوری دنیا سے 30 لاکھ سے زائد افراد حج کیلئے آئیں گے، اسلام آباد سے حج کیلئے روانہ ہونے والے 26 ہزار عازمین کی امیگریشن اسلام آباد میں ہوگی۔سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے حوالے سے پہلی پرواز کل اسلام آباد سے روانہ ہو گی، آئندہ سال لاہور اور کراچی سے بھی یہی سروس شروع کرنے کا پلان ہے، کوشش کی کہ عازمین کے اخراجات کو کم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ مجھے افسوس ہے کہ ڈالر ریٹ بڑھنے کی وجہ حج کے اخراجات میں اضافہ ہوا، اگر موازنہ کیا جائے تو گزشتہ سال 5 ہزار ڈالر اخراجات تھے، رواں برس حج اخراجات 4 ہزار ڈالر سے بھی کم ہیں۔وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے کہا کہ حجاج کرام پاکستان کا نام بلند کرنے کیلئے کوشش کریں، 80 ہزار حجاج کرام کو میسیج بھیجا ہے ،وہ میرے نمبر پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں