سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوامحمود خان کا پی ٹی آئی چھوڑنے کے حوالے سے اہم بیان آگیا

پشاور (پی این آئی) سابق وزیراعلی کے پی محمود خان نے اعلان کیا ہے کہ میں پارٹی نہیں چھوڑ رہا، عمران خان پر بھر پور اعتماد ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق سینئر پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ تحریک انصاف کے خلاف جوبھی سازش کرے گا، منہ کی کھانا پڑے گی۔

 

 

 

 

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا گڑھ سمجھے جانے والے صوبہ خیبرپختونخوا کے کئی رہنماؤں نے پارٹی کو خیرباد کہہ دیا ہے جس میں اقبال وزیر اور ہشام انعام اللہ خان سمیت دیگر شامل ہیں۔اسی طرح تحریک انصاف کے سابق مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر نے بھی پارٹی سے راہی جدا کرنے کا اعلان کردیا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اجمل وزیر نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا، انہوں نے کہا کہ نو مئی کے واقعات کے بعد پی ٹی آئی کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ میں نا لکھی ہوئی چیزیں پڑھ رہا ہوں اور نا ہی کسی کا پریشر ہے، نو مئی کے بعد دو راستے ہیں میں یا تو چپ کر جاؤں یا مذمت کروں، اجمل وزیر نے کہا کہ چپ کرنے کا مطلب ملوث ہوں، مذمت کرو تو پارٹی کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ تین سال چپ رہنےکے بعد اب میں بات کررہاہوں، اپنے ساتھ زیادتی برداشت کی لیکن ملک کے ساتھ زیادتی ناقابل برداشت ہے۔

 

 

 

گذشتہ روز بھی سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر ہشام انعام اللہ نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا،ہنگامی پریس کانفرنس میں صوبائی وزیر ڈاکٹر ہشام انعام اللہ کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعے پر بہت رنجیدہ ہوں، سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ احتجاج کی آڑ میں لوگ اس حد تک چلے جائیں گے۔ سابق وزیر نے مزید کہا کہ ہمارے جوان روز وطن اور ہمارے لیے جانیں قربان کررہے ہیں، میرا فیصلہ ایسا نہیں ہوتا اگر عمران خان واقعات کی مذمت کر دیتے، عمران خان کو رہائی کے بعد شہدا کی یادگاروں کا دورہ کرنا چاہیے تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close