ایسا لگتا ہے کہ کوئی چاہتا تھا کہ کور کمانڈر بھی مر جائے اور بڑی سٹوری بن جائے، اعتزاز احسن کی تہلکہ خیز گفتگو

لاہور (آئی این پی) معروف قانون دان اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ کور کمانڈر اور ان کی فیملی کو گھر کی دیواریں پھیلانگ کر نکالنا پڑا لیکن کسی افسر نے وہاں پہنچ کر ان کا ساتھ نہیں دیا، ایسا لگتا ہے کہ کوئی چاہتا تھا کہ کور کمانڈر بھی مر جائے اور بڑی سٹوری بن جائے،فوجی عدالتوں میں کیسز کا چلنا مسلم لیگ (ن) والوں کی خواہش ہے، آصف زرداری تو کہہ چکے ہیں کہ ان کی حکومت نہیں ہے، آئین کے تحت فوجی عدالتیں نہیں لگ سکتی ہیں لیکن نون لیگ اور مریم نواز نے عمران خان کو چھوڑنا نہیں ہے اس لئے وہ سب کچھ کرنے کو تیار ہیں۔

جمعرات کو سینئر قانون دان اعتزاز احسن نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ لاہور کور کمانڈرہائوس کا واقعہ انتہائی غیر ذمہ داری کی وجہ سے پیش آیا، سیکیورٹی نافذ کرنے والے اہلکاروں کی عدم موجودگی بہت سے سوالات کا پیش خیمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کور کمانڈر ہائوس میں بلوائیوں کے حملے کے وقت کور کمانڈر اور ان کی فیملی اندر موجود تھی، خدانخواستہ اگر کور کمانڈر یا ان کی فیملی کو کوئی نقصان پہنچا دیتا تو صورتحال مزید خراب ہو سکتی تھی۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ کور کمانڈر کو سیکیورٹی فراہم نہ کرنا بہت حیران کن عمل ہے، کور کمانڈر اور ان کی فیملی کو گھر کی دیواریں پھیلانگ کر نکالنا پڑا لیکن کسی افسر نے وہاں پہنچ کر ان کا ساتھ نہیں دیا، ایسا لگتا ہے کہ کوئی چاہتا تھا کہ کور کمانڈر بھی مر جائے اور بڑی سٹوری بن جائے۔اعتزاز احسن نے کہا کہ کور کمانڈر کو جو پریس نوٹ جاری ہوا اور سازش کے عنصر کے حوالے سے اس سے بہت کچھ واضح ہو سکتا ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ ہنگامہ آرائی کے معاملے میں سازش ہوئی ہے، پریس نوٹ میں واضح بتایا گیا کہ اس بات کی تحقیقات ہوں گی کہ فوج اور پولیس کی جانب سے کور کمانڈر ہائوس کے معاملے پر زیر و رسپانس کیوں تھا۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ سیکیورٹی فراہم کرنے میں تاخیر کیوں پیش آئی اور کس نے آئی جی کو روکے رکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں میں کیسز کا چلنا مسلم لیگ (ن) والوں کی خواہش ہے، آصف زرداری تو کہہ چکے ہیں کہ ان کی حکومت نہیں ہے، (ن) لیگ کے پاس وزارت داخلہ، قانون، دفاع اور وزارت عظمیٰ ان کے پاس ہی ہے۔ اعتزاز احسن نے کا کہ آئین کے تحت فوجی عدالتیں نہیں لگ سکتی ہیں لیکن نون لیگ اور مریم نواز نے عمران خان کو چھوڑنا نہیں ہے اس لئے وہ سب کچھ کرنے کو تیار ہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں