ملتان (پی این آئی) 9 مئی کے واقعات کے بعد اراکین اسمبلی کی جانب سے تحریک انصاف کو خیر باد کہنے کا سلسلہ جاری ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیر ملک امین اسلم نے تحریک انصاف کو چھوڑنے کااعلان کردیاہے۔
اسی طرح تحریک انصاف کو جنوبی پنجاب میں بڑا دھچکا لگا ہے،جنوبی پنجاب سے کئی سابق اراکینِ صوبائی اسمبلی نے پی ٹی آئی کو خیر باد کہنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ملتان سے سابق ارکانِ اسمبلی ظہرالدین علیزئی اور مظفر گڑھ سے عبدالحئی دستی کی جانب سے پارٹی چھوڑنے کا امکان ہے۔ لیہ سے سابق صوبائی اسمبلی قیصر مگسی اور ڈی جی خان سے سجاد چھینہ نے پی ٹی آئی کو خیر باد کہنے کا فیصلہ کیا ہے۔جبکہ مظفر گڑھ سے عون حمید ڈوگر،نیاز گشکوری اور عملدار حسین قریشی نے بھی پارٹی کو چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا۔ یاد رہے کہ سابق ارکانِ اسمبلی محمود مولوی اور عامر کیانی بھی تحریک انصاف کو چھوڑ چکے ہیں،عامر کیانی نے گزشتہ روز سیاست سے دستبردار ہونے کے ساتھ ساتھ پارٹی کی رکنیت اور تمام عہدے چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ 9 مئی کے واقعات پر ذاتی طور پر تکلیف ہوئی،سیاست سے دستبرار ہو رہا ہوں،اس قسم کی سیاست کا حصہ نہیں بن سکتا جس سے پاکستان پر آنچ آئے۔
9 مئی کے بعد عمران خان سے ملنے گیا لیکن ملاقات نہ ہو سکی،ادارے ریاست کا حصہ ہیں اور پارٹیاں عوامی رائے پر آتی جاتی ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ ہماری ڈومین سیاست ہے اور ہمیں سیاست ہی کرنی چاہیے،پاکستان سے منسوب املاک پر حملہ بہت تکلیف دہ تھا۔ عامر کیانی نے کہا کہ سرحدوں پر لڑائی اور اندر بھی لڑائی ہو گی تو کون محفوظ ہو گا؟ انہوں نے مزید کہا کہ میری رائے سادہ ہے کہ ہمیں حدود میں رہ کر جدوجہد کرنی چاہیے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں