تحریک انصاف پر پابندی لگا دی جائے، سینئر سیاستدان چوہدری شجاعت حسین کا مطالبہ

لاہور (پی این آئی) سربراہ ق لیگ چوہدری شجاعت نے حکومت سے سے پی ٹی آئی پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کیخلاف آفیشل سیکریٹ اور ملٹری ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

نجی ٹی وی چینل سما نیوز کے مطابق مسلم لیگ ہاؤس سے لاہور پریس کلب تک پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی، ریلی کے شرکاء نے بینرزاورپلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پاک فوج کے حق میں نعرے درج تھے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت نے کہا کہ نو مئی کو جو ہوا پچھتر سال میں کبھی ایسا نہیں ہوا،ن کی پالیسی ملک دشمن ہے، لوگوں کو ایسے رہنما کی بات نہیں ماننی چاہیے۔ غلط کام کرنے والوں کو سزا ملے گی۔ انہوں نےکہا کہ جنرل عاصم منیر پاک فوج کے سپہ سالار ہیں ،جو ان کے خلاف بات کرے گا وہ ملک کے خلاف بات کرے گا۔ ق لیگ کےچیف آگنائزر چوہدری سرورنے کہا کہ جو کام بھارت اور دہشت گرد نہیں کر سکے وہ چند شرپسندوں نے کر دکھایا، اس کام سے سب کے سرشرم سے جھک گئے ہیں۔

چوہدری شافع حسین کا کہنا تھا کہ نو مئی کو جو کچھ ہوا وہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ اس معاملے میں تمام جماعتیں ایک ہیں کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے،جن لوگوں نے آرمی تنصیبات کی توڑ پھوڑ کی ان کے خلاف آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمات درج ہونگے۔ دوسری جانب سینئر سیاستدان جہانگیر ترین نے جناح ہاؤس لاہور کا دورہ کیا ہے اور حملہ کرنے اور کروانے والوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔ جہانگیر ترین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا جناح ہاؤس کے اندر توڑ پھوڑ کی جائے گی۔

کور کمانڈر ہاؤس قائداعظم محمد علی جناح کا گھر تھا، حملے کرنے اور کرانیوالوں کے اقدامات کی مذمت کرتے ہیں، دلی دکھ اور افسوس ہے، اس عمل کی کوئی معافی نہیں۔ امید ہے جن لوگوں نے منصوبہ بندی کے تحت یہ کام کیا ان کو سزا ہونی چاہئیے۔ پاکستان کی 75 سالہ تاریخ میں ایسا کام ہونا تو دور کی بات کبھی کسی نے سوچا بھی نہیں۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ ماضی میں بھی لوگوں کو سزائیں دی گئیں مگر ایسا کبھی نہیں ہوا۔ ذوالفقار علی بھٹو کو شہید کیا گیا، مریم نواز کو جس طریقے سے گرفتار کیا گیا اس کے بعد بھی کبھی کسی نے اس طرح کی حرکتیں کرنے کا نہیں سوچا۔ اللہ تعالیٰ یہ سب کرنے والوں کو عقل دے اور یہ عمل پاکستان میں کبھی مت دہرایا جائے۔ اس طرح کی حرکتوں اور پرتشدد روئیوں پر پابندی ہونی چاہیے، امید ہے پلان کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔پی ٹی آئی پر پابندی کے سوال پر جہانگیر ترین نے کہا کہ سیاسی جماعتوں پر پابندی نہیں ہونی چاہئے لیکن ایسی حرکتوں پر پابندی ہونی چاہئے۔

جہانگیر ترین نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف میں ہم سب کا بہت کردار رہا، دس سال تو جماعت کو میں نے دئیے۔ میں نے تحریک انصاف کو اپنی زندگی کے 10 سال اس لیے نہیں دیئے تھے۔پی ٹی آئی کو اپنی محنت اپنا وقت اس کام کے لیے نہیں دیا تھا، ہم نے نیا پاکستان بنانے کے لیے محنت کی تھی۔ لاکھوں لوگ آتے تھے کبھی پی ٹی آئی جلسوں میں تشدد نہیں ہوتا تھا۔ہماری تمام جدوجہد پرامن ہوتی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close