عباد فاروق کا یوٹرن، عمران خان کیساتھ ڈٹ کر کھڑا ہوں، نیا بیان دیدیا

لاہور(پی این آئی) عباد فاروق کا عمران خان کے ساتھ کھڑے رہنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر کا ٹکٹ واپس کرنے کا معاملہ نیا رخ اختیار کر گیا ہے۔

تحریک انصاف کا ٹکٹ واپس کرنے اور کور کمانڈر ہاوس حملے کا ذمے دار ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کو قرار دینے والے میاں عباد فاروق اپنے بیان سے پھر گئے، ان کا نیا ویڈیو بیان سامنے آیا ہے۔ بدھ کے روز ٹکٹ واپس کرنے سے متعلق جاری ہونے والے ویڈیو بیان کے برعکس میاں عباد فاروق اس وقت پولیس کی تحویل میں ہیں۔ بدھ کے روز انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر گفتگو کرتے ہوئے عباد فاروق نے واضح کیا کہ میرے حوصلے پہلے سے زیادہ بلند ہیں، ہمیشہ عمران خان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ مجھے ائرپورٹ سے گرفتار کیا گیا اور پھر مختلف جگہوں پر رکھا گیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل سامنے آنے والے ویڈیو بیان میں لاہور کے حلقہ پی پی 149 سے ٹکٹ ہولڈر عباد فاروق کا کہنا تھا کہ میں تحریک انصاف کا ٹکٹ بھی واپس کررہا ہوں۔

یاسمین راشد، محمود الرشید اور دیگر رہنما لبرٹی چوک پر موجود تھے۔پی ٹی آئی لیڈر شپ نے کہا کور کمانڈر ہاؤس جانا ہے۔عباد فاروق نے مزید کہا کہ ہمیں کسی بھی ادارے کو آگ نہیں لگانا چاہئیے تھی،جو ہوا اس پر افسوس ہے، ہمیں اپنے اداروں کے خلاف یہ حرکتیں نہیں کرنی چاہیے کیونکہ یہ ہمارے اپنے ادارے ہیں۔پاک فوج سمیت تمام اداروں کی عزت کرنی چاہئیے۔ان تمام واقعات کے بعد ٹکٹ واپس کرتا ہوں، اللہ نے موقع دیا تو آزاد حیثیت سے الیکشن لڑوں گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close