عازمین کو حجاز مقدس پہنچانے کیلئے فلائٹ آپریشن کا اعلان، پہلی حج پرواز کب روانہ ہو گی؟

اسلام آباد(آئی این پی)سرکاری سکیم کے عازمین کو فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے حجاز مقدس پہنچانے کیلئے وزارت مذہبی امور نے فلائٹ آپریشن کا اعلان کر دیا۔اعلان کے مطابق پہلی حج پرواز اتوار 21 مئی کو روانہ ہو گی، وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق حج فلائٹ آپریشن میں قومی ایئر لائن پی آئی اے، سعودی ایئر لائن، ایئر بلیو اور سرین ایئر لائن حصہ لے رہی ہیں۔حج سے قبل فلائٹ آپریشن 19 جون تک جاری رہے گا، پہلے 12 دن حج پروازیں براہ راست مدینہ منورہ جائیں گی،

ترجمان کے مطابق رواں سال سرکاری سکیم کے تحت 82 ہزار افراد فریضہ حج ادا کریں گے۔وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر محمد طلحہ محمود نے حاجی کیمپ اسلام آباد میں عازمین کو خدمات فراہم کرنے والے قومی بینکوں کے بوتھس کا افتتاح کیا، اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ قومی بینکوں کا عملہ حاجیوں کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھے۔سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ حاجی اللہ کے مہمان ہیں، ان کو خدمات کی فراہمی ہم سب پر فرض ہے، زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا کر حاجیوں دعائیں لی جائیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ پہلی حج پروازیں اسلام آباد اور کراچی سے روانہ ہوں گی، اس کے بعد ملک کے 10 بڑے شہروں کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور، اسلام آباد، سیالکوٹ، ملتان، فیصل آباد سمیت دیگر شہروں سے جانا شروع ہو جائیں گی جس کا سلسلہ ایک ماہ تک جاری رہے گا۔ترجمان کے مطابق روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت سرکاری سکیم کے عازمین کی امیگریشن اسلام آباد میں ہی ہو گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close