پنشن میں کتنا اضافہ ہوگا؟ پنشنرز کیلئے بڑی خبر آگئی

لاہور (پی این آئی) کم از کم پنشن 25 ہزار روپے کرنے کا مطالبہ نظرانداز، ای او بی آئی پنشن میں معمولی اضافہ کرنے کا فیصلہ، ایمپلائیز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن پنشنرز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے کم از کم پینشن 25 ہزار روپے کرنے کا مطالبہ، تاہم ای او بی آئی پنشن میں صرف 1500 روپے اضافہ متوقع۔

تفصیلات کے مطابق نئے مالی سال کے آغاز سے ای او بی آئی کے پنشنرز کی پنشن میں اضافہ متوقع ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے ای او بی آئی پنشن میں 3 سال کے طویل عرصے کے بعد اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم یہ اضافہ معمولی ہو گا۔ بتایا گیا ہے کہ ای او بی آئی پنشن میں کم و بیش 20فیصد اضافہ کرکے اسے 10ہزار روپے تک کیا جارہا ہے، پنشن میں اضافے کا اعلان آئندہ ماہ متوقع ہے۔بتایا گیا ہے کہسرکاری ملازمین کی تنخواہ اور الاونسز میں ہر سال بجٹ میں اضافہ کیا جاتا ہے جبکہ ای او بی آئی پنشن میں گزشتہ 3 سالوں سے اضافہ نہیں کیا گیا۔ای او بی آئی کے پنشن یافتگان کی کل پاکستان نمائندہ تنظیم ای او بی آئی پنشنرز فورم کے سیکریٹری الطاف مجاہد نے یاد دلایا ہے کہ پنشن میں 2 ہزار روپے کا آخری اضافہ تین سال قبل ہوا تھا۔ نجی شعبہ کے کارکنوں کو ای او بی آئی پنشن محض ساڑھے آٹھ ہزار روپے ماہانہ ملتی ہے جس میں گزر بسر ایک طرف یومیہ اخراجات بھی پورے نہیں ہوتے ۔ ای او بی آئی پنشنرز فورم نے یاد دلایا کہ نجی شعبے میں کام کرنے والے لاکھوں محنت کشوں کو آج بھی صحت کی سہولت سمیت سوشل سکیورٹی تک دستیاب نہیں، حکومت کی جانب سے کم از کم اجرت کے اعلان پر عمل درآمد نہیں ہورہا ہے اس لئے کم از کم پنشن کم از کم تنخواہ کے مساوی مقرر کی جائے یا پھر ای او بی آئی پنشن میں فوری طور پر معقول اضافہ کیا جائے۔

جبکہ ایمپلائیز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن پنشنرز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے بھی کم از کم پنشن 25 ہزار روپے کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ ایمپلائیز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن پنشنرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے مطابق 8500 روپے پنشن اونٹ کے منہ میں زیرہ ہے، قانون کی رو سے 3 سال میں پنشن بڑھانا لازم ہے، پنشن میں آخری اضافہ جنوری 2020 میں ہوا تھا۔ جبکہ ای او بی آئی کا سرمایہ 500 ارب روپے سے زائد ہے، ای او بی آئی بآسانی 25 ہزار روپے ماہانہ پنشن دے سکتا ہے۔ لہذا کم از کم پنشن 25 ہزار روپے کی جائے اور نجی اداروں کے ملازمین کی ای او بی آئی رجسٹریشن کی جائے۔

close