9مئی کی کارروائیوں کے تمام منصوبہ سازوں کو کٹہرے میں لائیں گے: آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا دبنگ اعلان

راولپنڈی (آئی این پی)پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے 9مئی کو یوم سیاہ قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ 9مئی کو توڑ پھوڑ کے تمام منصوبہ سازوں، مشتعل افراد ، اکسانے والوں اور ان پر عمل کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے، مسلح افواج اپنی تنصیبات کا تقدس اور سلامتی پامال کرنے کی مزید کوئی کوشش برداشت نہیں کرے گی، دشمن عناصر کی جانب سے مسلح افواج کو نشانہ بنانے کی بھرپور کوششیں جاری ہیں لیکن پاک فوج پاکستانی قوم کی حمایت سے ایسی مذموم کوششوں کوناکام بنائے گی۔

ہفتہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا۔ کور ہیڈکوارٹرز آمد پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔آرمی چیف کو اس موقع پر موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور انسداد دہشت گردی کے حوالے سے جاری کوششوں پر بریفنگ دی گئی ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کور افسران سے خطاب میں کہا کہ مسلح افواج اپنی تنصیبات کا تقدس اور سلامتی پامال کرنے کی مزید کوشش برداشت نہیں کرے گی، ہم امن و استحکام کی اپنی کوششیں جاری رکھیں گے،مملکت خداداد میں امن و استحکام کے عمل کو خراب کرنے والوں کیلئے کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے 9مئی کو یوم سیاہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ 9مئی کو توڑ پھوڑ کے تمام منصوبہ سازوں، مشتعل افراد ، اکسانے والوں اور ان پر عمل کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کور افسران سے اپنے خطاب میں انفارمیشن وار فیئر کے چیلنج، وار فیئر اور غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوششوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا ۔ آرمی چیف نے کہا کہ دشمن عناصر کی جانب سے مسلح افواج کو نشانہ بنانے کی بھرپور کوششیں جاری ہیں لیکن پاک فوج پاکستانی قوم کی حمایت سے ایسی مذموم کوششوں کوناکام بنائے گی۔ آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو بھی سراہا۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close