ججز کے بگاڑ کو سیدھا کرنا ہے، قوم احتجاج کیلئے اسلام آباد پہنچے، مولانا فضل الرحمان نے کال دے دی

اسلام آباد(آئی این پی)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پوری قوم(کل) پیر کے روز سپریم کورٹ کے باہر پرامن احتجاج میں شرکت کیلئے پہنچے۔پی ڈی ایم اور جے یو آئی کے کارکنوں کے نام وڈیو پیغام میں مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ 3 رکنی بینچ اور ہائی کورٹ کے ججوں نے ایک مجرم کو تحفظ دیا ہے، ہم نے اپنے اداروں کا تحفظ کرنا ہے اور ججز کے بگاڑ کو سیدھا کرنا ہے، ججز پاکستان کے غریب عوام کے ٹیکسوں سے تنخواہ لیتے ہیں،

ججز آج آئین، قانون اور عدالتی روایات کو پامال کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ یکطرفہ طور پر ایک مجرم کو تحفظ اور وی آئی پی پروٹوکول دیا جا رہا ہے، مجرم کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے تاکہ وہ آئندہ بھی جرائم کرے اور معیشت کو تباہ کرے، ہم پہلے بھی میدان میں رہے ہیں، آج ایک بار پھر میدان میں آنے کی ضرورت پڑی ہے، عوام اور کارکنوں کو دعوت دے رہے ہیں کہ پیر کی صبح شاہراہ دستور پہنچیں۔مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا ہے کہ انصار الاسلام کے سالار اور رضاکار نظم کو برقرار رکھنے کیلئے پہنچیں، وکلا برادری سے بھی اپیل ہے کہ قانون کے تحفظ کیلئے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں، آئین کی بالادستی کی جنگ لڑنی ہے، وکلا نے ہمیشہ اس مقصد کیلئے قربانیاں دی ہیں، آج ایک بار پھر ضرورت پڑی ہے کہ وکلا بھی میدان میں آئیں۔پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ہر سیاسی جماعت کے کارکنوں کو اپیل کرتا ہوں کہ اس احتجاج کو قومی احتجاج بنائیں، اداروں کی بے راہ روی، جانبداری اور اختیارات سے تجاوز پر قوم احتجاج کرتی ہے، شاہراہ دستور پر اکٹھے ہو کر مضبوط پیغام دیں گے کہ عدالت اپنے اس رویے سے باز آجائے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close