وزیر دفاع خواجہ آصف کا پی ٹی آئی کارکنان کی فیملیز سے معافی مانگنے کا اعلان

سیالکوٹ (پی این آئی) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ چادر چار دیواری کا تقدس پامال کرنے کی کسی کو اجازت نہیں، پی ٹی آئی کارکنوں کے گھروں پر چھاپوں کے دوران جن فیملیز کیساتھ برا سلوک ہوا ان سے معافی مانگنے کو تیار ہوں۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پولیس چھاپوں سے متاثرہ تحریک انصاف کی فیمیلیز کے گھروں میں ابھی جانے کو تیار ہوں۔

پی ٹی آئی کارکنان کے گھروں پر پولیس چھاپوں پر شرمندہ ہوں۔ ان واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ اجازت ملی تو ان خواتین اور بیٹیوں سے معافی مانگوں گا، انتظامیہ اور پولیس کا تو کچھ نہیں جاتا مگر میں بہت شرمندہ ہوں۔ پچھلے 5 سے 7 سال کی سیاست میں بہت سی حدود پار ہوئی ہیں۔ ہماری سیاست میں کہیں بھی انتقام کا الفظ موجود نہیں، سیاسی مخالفت میں زبانی باتیں کرتے ہیں، حدود پار نہیں کرتے۔ کبھی بھی اپنے سیاسی مخالفیں کو نشانہ نہیں بنایا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف کو سازش کے تحت سیاست سے نکالا گیا ، ان کی سیاست اب بھی جاری ہے، بھائی وزیراعظم ہے۔ عمران خان کے دور میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ پر مقدمات بنائے گئے۔ مگر اب عدالت نے لاڈلے کو ہر قسم کا ریلیف دیا۔ عمران خان جیسا ریلیف کاش ہمیں بھی ملتا۔ ہمیں اپنی آئینی طاقت کا علم ہے اور ہم اسے استعمال کریں گے،پارلیمنٹ جو بھی فیصلہ کرے گی سب کو قبول کرنا ہو گا۔

close