ثاقب نثار کے بیٹے کی آڈیو لیک، ایف آئی اےکو احکامات جاری

اسلام آباد (پی این آئی) قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے آڈیو لیکس تحقیقات نے ایف آئی اے حکام کو سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے کی آڈیو لیکس کی فرانزک رپورٹ 24 مئی تک فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔کمیٹی نے رجسٹرار سپریم کورٹ کو طلب کرنے اور قومی اسمبلی کا ریکارڈ عدالت کو فراہم کرنے کے حوالے سے وزارت قانون سے رائے طلب کر لی ہے۔ کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس چیئرمین محمد اسلم بھوتانی کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا

اجلاس میں کمیٹی اراکین کے علاوہ سیکرٹری وزارت قانون و انصاف سمیت ایف آئی اے اور دیگر افسران نے شرکت کی اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ کمیٹی نے ایف آئی اے کی جانب سے آڈیو کی فرانزک کرانے کے بعد سابق چیف جسٹس کے بیٹے نجم ثاقب کو بلانے کا فیصلہ کیا ۔انہوں نے کہاکہ پہلے اس بات کا تعین کیا جائے گا کہ کیا یہ آڈیو ٹیپ درست ہے یا نہیں اور اس کے بعد کمیٹی یہ بھی دیکھے گی کہ کیا اس آڈیو ٹیپ کی مناسبت سے

سابق چیف جسٹس کے بیٹے کو طلب کیا جاسکتا ہے یا نہیں۔ چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ اجلاس کے دوران اراکین نے رجسٹرار سپریم کورٹ کی طلبی پر وزارت قانون کی رائے سے مشروط کر لی ہے اور خصوصی کمیٹی نے وزارت قانون کو ہدایت کی ہے کہ سپریم کورٹ رجسٹرار کی طلبی پر اپنی رائے دیں جس کے بعد کمیٹی فیصلہ کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ رجسٹرار سپریم کورٹ طلبی قانونی معاملہ ہے اور ہم وزارت قانون کی رائے کے بغیر کوئی کام نہیں کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پیر کو وزارت قانون کی رائے آنے پر دوبارہ کمیٹی غور کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ سابق چیف جسٹس کے بیٹے کی تحقیقات کی فرانزک کے لئے ایف آئی اے کو ہدایات جاری کی گئی ہیں فرانزک رپورٹ سے آڈیو کے اصلی یا جعلی ہونے کا پتہ چلے گا۔ انہوں نے کہاکہ کمیٹی کا آئندہ اجلاس 24 مئی طلب کر لیا گیا ہے اور آئندہ اجلاس میں ایف آئی اے آڈیو لیکس پر اپنی رپورٹ کمیٹی میں پیش کرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں