اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کئی گھنٹے انتظار کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ سے زمان پارک لاہور کے لیے روانہ ہو گئے۔سابق وزیر اعظم کو ججز گیٹ سے روانہ کیا گیا، عمران خان کی روانگی کے لئے مرسیڈیز گاڑی اسلام ہائیکورٹ پہنچائی گئی، گزشتہ روز بھی اسی گاڑی میں سپریم کورٹ لایا گیا تھا۔
عمران خان کی روانگی سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ میں سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی، سابق وزیر اعظم اسلام آباد پولیس کی سکیورٹی میں عدالت سے روانہ ہوئے۔پولیس کی جانب سے کمرہ عدالت سے گاڑی تک انسانی زنجیر بنائی گئی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے اندر سیکیورٹی کی گاڑیاں عمران خان کی روانگی کے وقت موجود تھیں۔اس سے قبل آئی جی اسلام آباد اور عمران خان کی ملاقات ہوئی۔ذرائع کے مطابق آئی جی نے کہا سیکیورٹی صورت حال کی وجہ سے آپ کو اسلام آباد میں کسی جگہ رکھیں گے۔عمران خان لیگل ٹیم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی نے کہا سیکیورٹی کلئیرنس پر آپ کو لاہور بھیج دیں گے۔اس پر عمران خان نے پولیس کو جواب دیا کہ وہ گھر جائیں گے اور کہیں نہیں جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تین گھنٹے ہوگئے مجھے عدالت میں روکا ہوا ہے جانے نہیں دے رہے، یہ مجھے عدالت میں بہانوں سے روک رہے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ عدالت نے مجھے ہر جگہ ضمانت دی ہے، انہوں نے مجھے یہاں زبردستی رکھا ہوا ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں