انٹرنیٹ سروسز فوراََ بحال کی جائیں، امریکا بھی میدان میں آگیا

اسلام آباد (پی این آئی) امریکا نے پاکستان میں انٹرنیٹ سروسز کی فوری بحالی کا مطالبہ کر دیا۔ اس حوالے سے چیئرمین امریکی سینیٹ برائے خارجہ تعلقات کمیٹی باب مینڈیز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انٹرنیٹ کی بندش پاکستانی عوام کی آزادی کو خطرناک حد تک دباتی ہے۔

 

 

 

باب مینڈیز نے کہا کہ پاکستان میں جاری پریشان کن حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشیدگی کے خاتمے کی کوششوں کی حمایت کرتا ہوں۔ باب مینڈیز نے کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کے لیے انٹرنیٹ سروسز کی فوری بحالی کامطالبہ ہے۔ انٹرنیٹ کی بندش پاکستانی عوام کی آزادیوں بشمول معلومات تک رسائی کو خطرناک حد تک دباتی ہے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو رہا کیے جانے کے حکم بعد عوام توقع کر رہے ہیں کہ اب ملک میں فوری طور پر انٹرنیٹ سروس معمول پر آجائے گی۔

 

 

تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (پی ٹی اے) کو تا حال وزارت داخلہ کی جانب سے موبائل انٹرنیٹ کی بحالی کے احکامات موصول نہیں ہوئے۔ پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کی ہدایات کے بعد ہی ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس بحال کی جائےگی۔ خیال رہے کہ 9 مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد حکومت نے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس محدود کردی تھی جبکہ سوشل میڈیا تک رسائی کو بھی محدود کردیا گیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں