اسلام آباد(پی این آئی) اسلام آباد ہائیکورٹ میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکی قید سے رہائی اور پاکستان منتقلی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ کیا کہ امریکہ میں ملاقات کے لیے عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی کو پانچ سال کا امریکی ویزہ مل گیا۔
انہوں نے کہا عافیہ صدیقی سے 29 سے 31 مئی تک تین دن کے دوران امریکی جیل میں ملاقات طے پا گئی۔ فوزیہ صدیقی اور امریکی وکیل کلائیو سمتھ عافیہ صیدقی سے ملاقات کریں گے۔عدالت نے حکومت کو حکم دیا کہ وزارت خارجہ عافیہ صدیقی کے نفسیاتی چیک اب کے لیے انڈپنڈنٹ ڈاکٹر فراہمی میں مدد کرے۔عافیہ صدیقی سے متعلق دستاویزات ، معلومات وکیل سے شئیر کیں جائیں۔ امریکی وکیل کلائیو سمتھ یقین دہائی کرائیں گے امعلومات عافیہ صدیقی کیس کے علاوہ استعمال نہیں ہوں گے۔ عدالت نے کیس پر مزید سماعت 30 جون تک ملتوی کر دی۔خیال رہے کہ 16 مارچ2023ء کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر فوزیہ نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے ڈاکٹر عافیہ کی بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا اور حکومت پاکستان سے درخواست کی کہ وہ ڈاکٹر عافیہ کی جلد رہائی کے لیے اپنی کوششوں کو بڑھائے۔ وزیراعظم نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو حکومت پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ یاد رہے کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے بھی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے بھرپور کوششیں کی تھیں۔ وزیراعظم نے ڈاکٹر عافیہ کے لیے انصاف کے حصول میں ڈاکٹر فوزیہ کی کئی سالوں سے انتھک کوششوں کو سراہا اور ڈاکٹر عافیہ کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔
وزیراعظم نے وزارت خارجہ کو ڈاکٹر عافیہ کی خیریت اور ان کی جلد رہائی کے لیے امریکی حکومت کے ساتھ ساتھ واشنگٹن میں پاکستانی مشن کے ساتھ مکمل طور پر رابطے میں رہنے کی بھی ہدایت کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں