اسلام آباد(پی این آئی)وفاقی دارالحکومت میں چیف جسٹس پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے تحریک انصاف کی جانب سے ریلی نکالی گئی جس دوران خواتین سمیت متعدد کارکن گرفتار کرلیے گئے۔
انتظامیہ نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر اسد عمر ، راجا خرم نواز سمیت 180 کارکنان کیخلاف مقدمہ بھی درج کرلیاہے۔تحریک انصاف نے اپنے آفیشل پیج پر قیدیوں کی ایک وین کی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون نے گلے میں پی ٹی آئی کا سکارف پہن رکھا ہے اور گاڑی کے اندر سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خاتون اپنا تعارف کراتے ہوئے کہتی ہے کہ میرا نام رابعہ اقبال خان ہے اورمیرے خاوند پاکستان آرمی میں ہیں، وہ پاکستان آرمی میں بریگیڈیئر ہیں ۔گرفتار خاتون کاکہناتھا کہ یہ ہر قسم کے قانون کو توڑ رہے ہیں ،فسطائیت کی انتہائی بری مثال قائم کررہے ہیں۔یادرہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد پولیس نے تحریک انصاف کی 4 خواتین سمیت 7کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کی جانب سے دفعہ 144کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کی 4خواتین سمیت 7کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت میں پہلے ہی دفعہ 144 نافذ ہے، انتظامیہ نے شہر میں جلسے جلوس، ریلیوں اور دیگر اجتماعات پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں