جے آئی ٹی نے عمران خان سے کیا سوالات پوچھے؟ اندرونی کہانی سامنے آگئی

لاہور (پی این آئی) پنجاب پولیس کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی)نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا بیان ریکارڈ کر لیا، پنجاب فرانزک اور کرائم سین یونٹ نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف ہنگامہ آرائی کار سرکار میں مداخلت سمیت دیگر الزامات میں درج دس مقدمات کی تحقیقات کے لئے ایس ایس پی عمران کشور کی قیادت میں پنجاب پولیس کی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم زمان پارک پہنچی۔

جے آئی ٹی کو زمان پارک کے اندر آنے کی رسائی دی گئی، جے آئی ٹی نے ایک گھنٹہ پچاس منٹ تک تفتیش اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل جاری رکھا۔ٹیم نے چیئرمیں تحریک انصاف عمران خان سے پچاس سے زائد سوالات کئے۔ جے آئی ٹی کے سربراہ نے تفتیش کے بعد میڈیا کے سوالات کے جواب دینے سے گریز کیا۔عمران خان کے چیف آف اسٹاف شبلی فراز نے میڈیا کو بتایا کہ جے آئی ٹی نے عمران خان سے جو بھی سوالات کئے، ان کے جواب دیئے گئے۔

عمران خان عدالتوں کا احترام کرتے ہیں اس لیے بیماری کے باوجود جمعرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔انہوں نے کہا کہ ججز پر حملہ کرنا مسلم لیگ (ن) کا وطیرہ بن گیا ہے۔ الیکشن سے بچنے کے لئے انہوں نے چیف جسٹس کو نشانے پر رکھا ہے۔فرخ حبیب بولے کہ ہائیکورٹ کے حکم پر پولیس نے ہم سے رابطہ کیا اور ہم نے ان کو عزت اور احترام کے ساتھ زمان پارک کی رسائی دی۔ جن مقدمات میں پولیس تفتیش کیلئے آئی ان میں سے تین میں وہ ہماری ملزم ہیں۔تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ عدالت ہو یا جے آئی ٹی عمران خان خود پیش ہو رہے ہیں ہم آئین کی جنگ لڑ رہے ہیں ہفتے کو آئین بچا ریلیاں نکالیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close