پاکستان کو ہزاروں عازمین کا حج کوٹہ سعودی عرب کو واپس کرنا پڑ گیا

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان کو ہزاروں عازمین کا حج کوٹہ سعودی عرب کو واپس کرنا پڑ گیا، سرکاری اسکیم کے تحت کم درخواستیں موصول ہونے پر کوٹہ واپس کرنا پڑا، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ حج کوٹہ مکمل طور پر استعمال نہ کیا جا سکا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ غیر استعمال شدہ حج کوٹہ سعودی عرب کو واپس کردیا گیا۔وزارت مذہبی امور نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان نے حج کوٹہ بڑھانے کا مطالبہ کرتے کرتے سعودی عرب کو کوٹہ واپس کردیا ہے، سرکاری اسکیم کا 8 ہزار عازمین کے لئے ملنے والا کوٹہ واپس کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سرکاری اسکیم کے تحت کم درخواستیں موصول ہونے پر حج کوٹہ واپس کرنا پڑا،حج کوٹہ واپس نہ کیا جاتا تو رہائش گاہوں کے کرایہ اور دیگر اخراجات کی مد میں 24ملین ڈالرز اضافی ادا کرنے پڑتے۔بتایا گیا ہے کہ پاکستان کا دیرینہ مطالبہ رہا ہے کہ حج کوٹہ بڑھایا جائے جس سے ہر سال 2 لاکھ سے زائد پاکستانی عازمین حج ادا کر سکیں، تاہم رواں سال مہنگے حج کے سبب بہت سے پاکستانی درخواستیں ہی نہ دے سکے۔

کورونا وبا کی وجہ سے بھی گزشتہ سالوں میں پاکستان کو معمول کا حج کوٹہ بھی نہیں مل رہا تھا، رواں سال ہی معمول کا حج کوٹہ بحال ہوا، تاہم ملکی تاریخ کے مہنگے ترین حج پیکج کی وجہ سے ہزاروں پاکستانی حج ادائیگی کی خواہش پوری نہ کر سکے جس کے بعد وفاقی کابینہ نے حج کوٹہ کی واپسی کا فیصلہ کیا۔ذرائع کے مطابق سرکاری اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 89 ہزار 605 عازمین حج کا کوٹہ مقرر کیا گیا تھا، تاہم سرکاری حج سکیم کے لئے کوٹہ سے تقریباً آٹھ ہزار کم درخواستیں موصول ہوئیں ۔ یاد رہے کہ حج اخراجات میں 200 فیصد اضافہ ہو گیا۔ تحریک انصاف کی آخری حج پالیسی میں حج اخراجات 4 لاکھ روپے سے زائد تھے، رواں سال حج اخراجات 12 لاکھ روپے سے زائد ہوں گے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close