فرح گوگی کی گرفتاری یقینی ہوگئی، فیصلہ کر لیا گیا

اسلام آباد(پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ کی دوست فرح گوگی کے خلاف ایف آئی اے میں کیس کامعاملہ، ایف آئی اے نے فرح شہزادی کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ فرح گوگی اس وقت بیرون ملک مقیم ہیں، ایف آئی اے نے گرفتاری کیلئے انٹرپول سے رابطہ کرلیا۔ایف آئی اے کی جانب سے انٹرپول کو لکھے گئے خط میں انٹرپول کو گرفتاری کیلئے تعاون کرنے کی اپیل کی گئی۔

ایف آئی اے نے انٹرپول سے ریڈوارنٹ جاری کرنے کی استدعا کردی۔ 03 مارچ 2023ء کو بھی فرح گوگی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہو چکے ہیں۔منی لانڈرنگ مقدمے میں شامل تفتیش نہ ہونے پر ایف آئی اے کی درخواست پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔جس کے بعد ایف آئی اے نے انٹرپول کے ذریعے فرح گوگی کو گرفتار کرکے پاکستان لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ایف آئی اے نے فرح گوگی کے خلاف منی لانڈرنگ کے ناقابل تردید ثبوت حاصل کیے۔ذرائع ایف آئی اے کے مطابق فرح گوگی نے کرپشن، غیر قانونی سیاسی اثر و رسوخ کے ذریعے اربوں روپے کمائے۔ فرح گوگی نے منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کرنے پر ایف آئی اے کے دائرہ اختیار کو چیلنج کر رکھا ہے ۔ ایف آئی اے کی جانب سے فرح گوگی اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔جب کہ فرح گوگی کی جانب سے ان کے وکیل اظہر صدیق نے ایف آئی اے کے دائرہ اختیار کو چیلنج کر دیا۔

اس حوالے سے اظہر صدیق نے درخواست ایف آئی اے میں جمع کرا دی جس میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے کا یہ اختیار ہی نہیں کہ وہ اس معاملے میں پڑے، اینٹی کرپشن پہلے ہی اس معاملے کی تحقیقات کرچکا ہے اور مقدمہ درج ہونے کے بعد اس کا اخراج بھی ہو چکا ہے۔درخواست میں کہا گیا کہ جب انکوائری مکمل ہوگئی اور مقدمہ خارج ہوگیا تو ایف آئی اے کس اختیار کے تحت مقدمہ درج کرا رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close