اسلام آباد (آئی این پی)وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری کے دورہ بھارت کے حوالے سے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا بھارتی سول ایوی ایشن اتھارٹی سے رابطہ ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن کی جانب سے وزیرخارجہ کے خصوصی طیارے کو بھارتی شہر گووا کیلئے فضائی روٹ دینے کی درخواست کی گئی ہے۔بھارتی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تاحال درخواست پر فضائی روٹ فراہم نہیں کیا۔سی اے اے کے پاس بلاول بھٹو کے طیارے کیلئے 2 جگہ سے بھارتی فضائی حدود استعمال کرنے کا آپشن ہے۔
بلاول بھٹو کا طیارہ بھارتی شہر گووا جانے کیلئے اسلام آباد یا کراچی ایئرپورٹ سے روانہ ہو سکتا ہے۔وزیرخارجہ بھارت میں شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن اجلاس میں شرکت کیلئے(آج)روانہ ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکرٹری خارجہ اسد مجید خان، ترجمان دفتر خارجہ اور وزارت خارجہ کے حکام بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ ہوں گے۔ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹوایس سی اواجلاس کے بعد 5 مئی کو وطن واپس آئیں۔یاد رہے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے دورہ بھارت کے حوالے سے بتایا تھا کہ بلاول زرداری بھارت میں دورے کے دوران سائیڈ لائن ملاقاتیں بھی کریں گے ، ایس سی او اجلاس آئندہ ماہ بھارتی شہر گوا میں منعقد ہوگا، بھارتی وزیر خارجہ ایس سی او سمٹ کیلئے تمام ممبر ممالک کو دعوت دی تھی۔ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم سے دیرینہ وابستگی کے باعث اجلاسوں میں شرکت کرتا ہے، تنظیم کا موسمیاتی تحفظ بارے چوتھا وزارتی اجلاس نئی دہلی میں آن لائن منعقد ہوا۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں