عمران خان سے مذاکرات بے سود ہیں، سینئر ن لیگی وزیر نے مذاکرات کے خاتمے سے قبل ہی رائے دے دی

اسلام آباد (آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سارا رولا ستمبر کا ہے،مذاکرات کا کھیل سیاستدان کرتے رہتے ہیں، عمران خان سے مذاکرات بے سود ہیں، الیکشن اپنے وقت پر یعنی اکتوبر میں ہوں گے، ہمیں مذاکرات کا کہنے والے ججز خود تقسیم کا شکار ہیں، ججز پہلے اپنے اندر اتحاد کیلئے مذاکرات کریں۔

ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سارا رولا ستمبر کا ہے، سمجھ آئی جی ؟ میزبان نے سوال کیا کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی ستمبر میں ریٹائرمنٹ سے پہلے الیکشن ہوجائیں، آپ چاہتے ہیں ان کی ریٹائرمنٹ کے بعدالیکشن ہوں ؟خواجہ آصف نے جواب دیا کہ ہم یہ نہیں چاہتے کہ ان کی ریٹامنٹ کے بعد ہوں، ہم چاہتے ہیں الیکشن وقت پر ہوں۔میزبان نے سوال کیا کہ اس کا مطلب ہے آپ کہہ رہے ہیں ستمبر سے پہلے الیکشن نہ ہوں؟ جس پر خواجہ آصف نے کہا کہ ہم تو کہتے ہیں وقت پر الیکشن ہوں اکتوبر میں سارے اکٹھے۔الیکشن کے حوالے سے حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان ہونے والے مذاکرات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ مذاکرات کا کھیل سیاستدان کرتے رہتے ہیں، عمران خان سے مذاکرات بے سود ہیں، الیکشن اپنے وقت پر یعنی اکتوبر میں ہوں گے۔خواجہ آصف نے کہا کہ ہمیں مذاکرات کا کہنے والے ججز خود تقسیم کا شکار ہیں، ججز پہلے اپنے اندر اتحاد کیلئے مذاکرات کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close