راولپنڈی(پی این آئی) تحریک انصاف کے امیدواروں سے پارٹی ٹکٹ واپس لیے جانے پر کارکن پھٹ پڑے اور اپنی قیادت کی کرپشن کے پول کھولنا شروع کردیے ۔ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 11 کے سابق امیدوار چوہدری عدنان سے پارٹی ٹکٹ واپس لیے جانے پر پی ٹی آئی کارکن پھٹ پڑے اور انہوں نے ورکرز کنونشن میں اپنی قیادت پر بدعنوانی کے الزامات عائد کردیے۔
پی ٹی آئی راولپنڈی کی قیادت کی جانب سے ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے میں لال حویلی کی مداخلت پر شدید غصے کا اظہار کیا گیا ہے۔ کارکنوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ہمیں کسی بھی حلقے میں لال حویلی کا بھکاری نہیں بلکہ عمران کا کھلاڑی چاہیے۔کارکنوں کا کہنا ہے کہ حلقہ پی پی 11 سے چوہدری عدنان کا ٹکٹ واپس لے کر عارف عباسی کو دے دیا گیا ہے۔ عارف عباسی نے عمران خان کے دورِ حکومت میں آر ڈی اے میں کرپشن کی۔ کارکنوں نے الزام عائد کیا کہ عارف عباسی کی کرپشن سامنے آنے پر اسے آر ڈی اے سے ہٹایا گیا تھا۔کارکنوں کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس ثبوت ہیں کہ آر ڈی اے، ٹی ایم اے اور ایکسائز سے یہ لوگ منتھلیاں لیتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں