اسلام آباد(آئی این پی)ملک میں ڈیجیٹل خانہ و مردم شماری کے کام میں 15مئی تک توسیع کر دی گئی،ترجمان ادارہ شماریات کے مطابق مردم شماری کی تاریخ میں مخصوص اضلاع میں توسیع کی گئی ہے، جن میں لاہور، راولپنڈی، گجرات، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان، بہاولپور، کراچی، حیدر آباد، پشاور، بنوں، ڈی آئی خان، ابیٹ آباد، نوشہرہ، کوئٹہ، جعفر آباد، لسبیلہ، آزاد جموں کشمیر اور گلگت شامل ہیں،
ترجمان نے کہا کہ باقی اضلاع میں خانہ و مردم شماری کا کام مکمل کر کے بند کیا جا رہا ہے، وفاقی وزیر احسن اقبال نے صوبوں کو تصدیقی عمل ہر صورت 15مئی تک مکمل کرنے کی تاکید کی ہے، تمام صوبے روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت وزیر منصوبہ بندی کو پیش کریں گے،ملک کے جن علاقوں میں خانہ شماری مکمل کی گئی ہے ان کے اعداد و شمار کے مطابق 23 کروڑ 90 لاکھ 17 ہزار 494 افراد کو شمار کیا جا چکا ہے، سندھ میں 5 کروڑ 48 لاکھ 58 ہزار 515 افراد شمار کیے گئے ہیں، پنجاب میں 11 کروڑ 68 لاکھ 27 ہزار 125 افراد کو گنا جا چکا ہے،اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا میں 3 کروڑ 93 لاکھ 72 ہزار 462 افراد کو گنا جا چکا، بلوچستان میں 2 کروڑ 94 ہزار 659 افراد شمار ہو چکے ہیں، اب تک کراچی میں 1 کروڑ 78 لاکھ 19 ہزار 110 افراد کا شمار ہو چکا ہے، لاہور میں 1 کروڑ 17 لاکھ 70 ہزار 759 افراد کو گنا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں