لاہور (پی این آئی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان نے کوئی الیکشن سہولت کاروں کے بغیر نہیں جیتا، اسمبلیاں سازش کے تحت توڑیں۔
(ن) لیگی رہنما احسن اقبال کا کہنا ہےکہ عمران خان نے جمہوری نظام کو نقصان پہنچانے کیلئے صوبائی اسمبلیاں توڑیں۔ اپنی 2 حکومتیں کسی جذبے کے تحت ختم نہیں کی تھیں، سازش کے تحت اسمبلیاں تحلیل کیں۔ انہوں نے خود جنرل باجوہ کے کہنے پر حکومتیں توڑنے کا اعتراف کیا۔ پاکستان میں کسی قسم کا جمہوری بحران نہیں، صرف ایک شخص کی انا اور ضد کا بحران ہے۔انہوں نے کہا کہ چاروں صوبائی اور قومی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی روز ہونے چاہئیں، 1997 سے آج تک قومی و صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن ایک ہی روز ہوتے ہیں۔ عمران خان نے آج تک کوئی الیکشن سہولت کاروں کے بغیر نہیں جیتا۔ ایک مخصوص جماعت کے فیصلوں کو ملک پر مسلط نہ کیا جائے۔ الیکشن سے بھاگ نہیں رہے، قومی و صوبائی اسمبلیوں کو مدت پوری کرنی چاہئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں