کراچی (پی این آئی)سندھ حکومت نے 42 صنعتوں میں 3مختلف درجوں نیم ہنر مند، ہنر مند اور اعلیٰ تربیت یافتہ ملازمین کے لیے کم از کم تنخواہ کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا، جو یکم جنوری2023 سے نافذالعمل سمجھا جائے گا۔ جنگ اخبار میں اعجاز احمد کی خبر کے مطابق سندھ منیمم ویجز ایکٹ 2015ءکے تحت محکمہ محنت و افرادی قوت سندھ کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق نیم ہنرمندملازمین کی کم سے کم ماہانہ تنخواہ 26 ہزار روپے،
ہنرمند یا تربیت یافتہ ملازمین کی کم از کم ماہانہ تنخواہ 31 ہزار961 روپے اور اعلیٰ تربیت یافتہ ملازمین کی کم سے کم ماہانہ تنخواہ 33 ہزار 491 روپے مقرر کی گئی ہے۔اس امر کی منظوری سندھ کابینہ نے12اپریل 2023ء کو منعقدہ اپنے ایک اجلاس میں دی تھی، جب کہ منیمم ویجز بورڈ، سندھ نے اس بارے میں سفارشات پیش کی تھیں، جن کی روشنی میں کابینہ نے اسے منظور کیا۔ویجز بورڈ کے چیئرمین ذوالفقار نظامانی نے بتایا کہ حالیہ نوٹیفیکیشن کا اطلاق
غیر ہنر مند ملازمین کے لیے مقرر کردہ کم از کم ماہانہ تنخواہ پر نہیں ہوگا، انہیں بدستور 25ہزار روپے ماہانہ ہی ادا کئے جاتے رہیں گے، البتہ 2023-24ء کے بجٹ میں غیر ہنر مند ملازمین کی کم سے کم تنخواہ میں اضافے کا امکان ہے ۔واضح رہے کہ غیر ہنر مند افراد کی کم از کم اجرت 25 ہزار روپے ماہانہ قریباً ایک سال پہلے 2022ءمیں مقرر کی گئی تھی، جو پہلے 17,500روپے ماہانہ تھی اور گذشتہ برس اس میں یکمشت ساڑھے 7ہزار روپے ماہانہ اضافہ کیا گیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں