لکی مروت، دہشت گردوں کے خلاف لڑنے والے شہدا فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

راولپنڈی(آئی این پی)خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں امن دشمنوں کے خلاف لڑ کر شہید ہونے والے جوانوں کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ضلع لکی مروت میں جام شہادت نوش کرنے والوں میں نوشہرہ کے 40 سالہ نائب صوبیدار تاج محمد، ایبٹ آباد کے 38 سالہ حوالدار ذاکر احمد اور ڈیرہ اسماعیل خان کے 29 سالہ سپاہی عابد حسین کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

بیان کے مطابق تینوں جوان 27 اور 28 اپریل کی درمیانی رات خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں دہشت گردوں کے ساتھ لڑائی کے دوران شہید ہوئے تھے، جنہیں آبائی علاقوں میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں حاضر سروس/ ریٹائرڈ فوجی و سول افسران، عزیز و اقارب اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعدا میں شرکت کی۔بیان کے مطابق پاک فوج کی یہ قربانیاں ہی پاکستان سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے ہمارے عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں