ایم کیو ایم کو عمران خان کی یاد ستانے لگی، تحریک انصاف کا ساتھ چھوڑنا غلطی قرار دیدی

کراچی (پی این آئی) ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنماء فاروق ستار نے تحریک انصاف کا ساتھ چھوڑنا ایم کیو ایم کی غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم وزارتیں چھوڑ دیتی لیکن تحریک عدم اعتماد کا حصہ نہ بنتی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو چھوڑنا ایم کیو ایم کی غلطی تھی۔

ایم کیوایم کا پی ٹی آئی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا حصہ بننا مناسب نہیں تھا، ایم کیوایم کو چاہیئے تھا کہ پی ٹی آئی کی نااہلی کا بوجھ نہ اٹھاتی۔ایم کیوایم کو چاہیئے تھا کہ وزارتیں چھوڑ کر حکومت سے باہر آجاتی۔ موجودہ حکومت نے 4 سال کی غلطیوں کو دوگنا بڑھا دیا ہے۔ پی ٹی آئی کو نہ ہٹایا جاتا تو آئندہ انتخابات میں ان کی مکمل چھٹی ہوجاتی۔یاد رہے گزشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین رابطہ کمیٹی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے گیس کے میٹروں کے ماہانہ کرایوں میں ہوش ربا اضافہ کی مذمت کی ہے، اپنے بیان میں انکا کہنا تھا کہ میٹر تنصیب کے وقت بھی میٹر چارجز کے نام پر عوام سے بھاری رقم وصول کی جاتی ہے۔عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور قوت خرید نہ ہونے کے برابر ہے ایسے میں اوگرا کی جانب سے میٹروں کے کرایوں میں اضافہ عوام کے ساتھ ظلم ہے جبکہ سردیاں تو درکنار گرمیوں میں بھی گیس کی شدید لوڈ شیڈنگ معمول ہے۔ مزید برآں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد کی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے پارلیمنٹ ہاس میں ملاقات ہوئی۔ایم کیو ایم کے وفد میں سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفی کمال،ڈاکٹر فاروق ستار، وفاقی وزیر سید امین الحق اور جاوید حنیف شامل تھے جبکہ اس ملاقات میں وفاقی وزیر پلاننگ احسن اقبال کے علاوہ ادارہ شماریات کے چیف بھی موجود تھے۔

ملاقات میں ایم کیو ایم کے وفد نے گذشتہ ایام میں مختلف وفاقی وزرا اور متعلقہ اداروں سے ملاقاتوں میں ہونے والی گفتگو سے وزیراعظم کو آگاہ کیا اور کہا کہ ہمارا مقصد یہ ہے کہ نہ کسی کو کم اور نہ کسی کو زیادہ بلکہ تمام شہریوں کو مردم شماری میں درست شمار کیا جائے۔وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ایم کیو ایم پاکستان کے تحفظات پر اب تک کی ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور ایم کیو ایم پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کی جانب سے یکسوئی کے ساتھ مردم شماری کی خامیوں اور اعدادوشمار میں کمی کی نشاندہی کی جس سے پورے ملک میں درست مردم شماری میں مدد ملی ہے، وزیراعظم نے کہا کہ ایم کیو ایم نے بروقت متعلقہ وزرا اور اداروں کو غلطیوں سے آگاہ کیا جس سے ہر شہری کو درست شمار کرنا ممکن ہوا۔ملاقات میں مردم شماری میں ایم کیو ایم نے جن مسائل کی نشاندہی کی ہے انہیں فوری حل کرنے کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوا اور وزیراعظم نے ان مسائل کو حل کرنے کیلئے متعلقہ وفاقی وزیر اور اداروں کو ایم کیو ایم کے ساتھ بیٹھنے اور عملی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close