اسلام آباد (پی این آئی) رہنما تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے پنجاب کا ٹکٹ نہ ملنے پر ردعمل دے دیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عمران خان کی خواہش تھی کہ میں وفاق میں ان کے ساتھ رہوں، میری خواہش تھی کہ میں پنجاب میں رول پیش کروں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے وزارت اعلیٰ سے متعلق فیصلہ عمران خان کریں گے۔
عثمان بزدار کو یہ عہدہ دیا گیا تو حیرانگی ہو گی۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت وزارت اعلیٰ کے لیے کوئی فیورٹ نہیں ہے، اس کا فیصلہ مناسب وقت میں ہو گا۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے شاہ محمود قریشی، فواد چودھری اور حماد اظہر کو پنجاب کا ٹکٹ نہ دینے کی وجہ بتا دی۔نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ یہ تینوں وفاق میں میرے اہم وزرا تھے، تینوں نے پنجاب میں چلے جانا تو ملک کون چلائے گا۔فواد چودھری کی ناراضگی سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ خواہشات پر ملک نہیں چلتے، میں لیڈر ہوں، میرے لیے وفاقی حکومت اہم ہے۔اگر میرے اہم وزرا ہی پنجاب میں چلے گئے تو یہ ملک کیسے چلے گا۔ پنجاب کے وزیراعلیٰ کون ہوں گے؟ اس سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اس پر میں نے کوئی فیصلہ نہیں کیا، پنجاب میں میرا گزشتہ تجربہ اچھا نہیں رہا، تین لوگوں نے خود کو پہلے سے ہی وزیراعلیٰ سمجھنا شروع کر دیا، ان تینوں نے آپس میں میچ ڈال لیا، دو نے ہمیں بہت نقصان پہنچایا کیونکہ وہ پہلے سے ہی شروع ہو گئے کہ ہم نے وزیراعلیٰ بننا ہے اور وہ اپنے لوگوں کو نوازنا شروع ہو گئے۔اس وجہ سے میں نے عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ بنایا جو کسی گروپ کا نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہ محمود، فواد اور حماد تینوں میں بہت صلاحیتیں ہیں وزیراعلیٰ بننے کی مگر مجھے ان کی وفاق میں ضرورت ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں