چوہدری پرویزالٰہی کی گرفتاری؟ عدالت سے بڑا حکم آگیا

لاہور (پی این آئی) کرپشن کا مقدمہ،عدالت نے اینٹی کرپشن حکام کو چوہدری پرویز الٰہی کی گرفتاری سے روک دیا۔ تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن عدالت میں صدر پی ٹی آئی چوہدری پرویز الٰہی کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی،عدالت نے سابق وزیراعلٰی پنجاب کی 11 مئی تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔

عدالت نے اینٹی کرپشن حکام کو چوہدری پرویز الٰہی کی گرفتاری سے روک دیا۔اینٹی کرپشن نے پرویز الٰہی کیخلاف کرپشن کا مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز اینٹی کرپشن عدالت نے رشوت لینے کے الزام کے درج مقدمہ میں بھی چوہدری پرویز الٰہی کی عبوری ضمانت میں ایک روز کی توسیع کی تھی۔ اینٹی کرپشن عدالت کے جج علی رضا نے چوہدری پرویز الٰہی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی ۔چوہدری پرویز الٰہی عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر اپنے وکیل امجد پرویز کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ پراسیکیوشن کی طرف سے سرکاری وکیل میاں وسیم سرور پیش ہوئے۔سابق وزیراعلٰی پنجاب کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اس کیس میں عدالت مرکزی ملزم محمد خان بھٹی کو ڈسچارج کر چکی ہے،لاہور ہائیکورٹ نے بھی چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف مقدمہ خارج کردیا تھا، پرویز الٰہی کے خلاف کرپشن کا کوئی گواہ نہیں۔ ایف آئی اے نے جو مقدمہ درج کیا ہے اس میں چوہدری پرویز الٰہی کی موقع پر موجودگی ظاہر نہیں کی گئی جبکہ محمد خان بھٹی کے گھر پر رشوت وصول کرنے کا الزام عائد کیا گیا،اس کیس میں دو شریک ملزمان پہلے ہی مقدمہ سے ڈسچارج ہوچکے ہیں۔

دو مرتبہ وزیر اعلی پنجاب رہنے والے درخواست گزار پرویز الہی کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت سامنے نہیں لائے جاسکے۔ دوران سماعت ایف آئی اے کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم کا تحقیقات میں شامل ہونا ضروری ہے،ابھی تک چوہدری پرویز الہی تحقیقات میں پیش نہیں ہوئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں