اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اعتماد کا ووٹ لیے جانے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے سماجی رابطےکی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف اراکین کی اکثریت کا اعتماد کھو چکے ہیں، بیس اراکین اسمبلی جن کا تعلق تحریک انصاف سے ہے ان کا ووٹ وزیر اعظم کے حق میں شمار نہیں کیا جا سکتا لہذا شہباز شریف کو 172 ارکان کی بجائے صرف 160 ارکان اسمبلی کی حمایت حاصل ہے۔فواد چوہدری نے مزید کہا کہ آج کا یہ ووٹ شہباز شریف اور پی ڈی ایم کی بہت بڑی شکست ہے ۔۔ خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا۔وزیراعظم شہباز شریف کو قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے قرار داد پیش کی گئی۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے قرار داد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا پارلیمان وزیراعظم کے ساتھ کھڑا ہے۔بعدازاں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اعلان کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا ہے۔ قومی اسمبلی کے 180 ارکان نے وزیراعظم شہباز شریف پر اعتماد کا اظہار کیا۔خیال رہے کہ آج وزیراعظم کی جانب سے ارکانِ پارلیمنٹ کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔ ظہرانے میں اتحادی جماعتوں کے ارکان اور اپوزیشن لیڈر بھی شریک ہوئے۔وفاقی وزراء اور کابینہ ارکان کیلئے الگ ہال میں کھانے کا اہتمام کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہویئے بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایوان سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا۔
شہباز شریف نے خطاب میں دو ٹوک مؤقف اپنایا کہ ملک میں الیکشن ایک ہی روز ہوں گے،پارلیمنٹ سپریم ہے اس کا فیصلہ قبول کرنا ہو گا۔ حکومت ہر معاملے پر پارلیمنٹ کے فیصلوں پر عمل یقینی بنائے گی،پارلیمنٹ کی بالادستی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں