وزیراعظم شہباز شریف کو اعتماد کا ووٹ، قومی اسمبلی میں کتنے ووٹ بڑھ گئے؟ تفصیلات آگئیں

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم شہباز شریف نے اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا۔وزیراعظم شہباز شریف کو قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے قرار داد پیش کی گئی۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے قرار داد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا پارلیمان وزیراعظم کے ساتھ کھڑا ہے۔ بعدازاں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اعلان کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا ہے۔

قومی اسمبلی کے 180 ارکان نے وزیراعظم شہباز شریف پر اعتماد کا اظہار کیا۔وزیراعظم کے قومی اسمبلی میں پہلے سے 6 ووٹ بڑھ گئے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف 2022 میں 174ووٹ لے کر وزیراعظم منتخب ہوئے تھے، وزیراعظم کو اعتماد کے ووٹ میں 180 اراکین کی حمایت حاصل ہوئی۔ضمنی انتخابات میں عبدالقادر مندوخیل، علی موسی گیلانی اور عبدالرحیم بلوچ رکن منتخب ہوئے۔جب کہ دو آزاد اراکین کی وزیراعظم کو حمایت حاصل ہوئی۔بی اے پی کی زبیدہ جلال بھی حکومتی بنچز پر آگئیں۔مسلم لیگ ن نے ضمنی انتخابات میں ایک مزید سیٹ جیتی ، شائستہ پرویز جیت کر آئیں اور ان کی جگہ مخصوص نشست پر شکیلہ لقمان آگئی۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اعتماد کا ووٹ لیے جانے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے سماجی رابطےکی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف اراکین کی اکثریت کا اعتماد کھو چکے ہیں، بیس اراکین اسمبلی جن کا تعلق تحریک انصاف سے ہے ان کا ووٹ وزیر اعظم کے حق میں شمار نہیں کیا جا سکتا لہذا شہباز شریف کو 172 ارکان کی بجائے صرف 160 ارکان اسمبلی کی حمائیت حاصل ہے۔ فواد چوہدری نے مزید کہا کہ آج کا یہ ووٹ شہباز شریف اور پی ڈی ایم کی بہت بڑی شکست ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں