75روپے کا کرنسی نوٹ قابلِ استعمال ہے یا نہیں؟ بالآخر جواب مل گیا

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان کے 75 ویں یومِ آزادی کے موقع پر جاری کردہ 75 روپے کا یادگاری نوٹ کام کا ہے یا نہیں ایک قابلِ بحث مسئلہ ہے۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے 30 ستمبر 2022 کو یہ نوٹ عام عوام کے لیے جاری کیا گیا تھا اور پھر اس کو کرنسی نوٹ قرار دے کر اس سے خرید و فروخت کی اجازت بھی دے دی گئی۔

اس نوٹ کے آنے پر پہلے تو عوام نے بڑھ چڑھ کر اسے حاصل کرنا چاہا اور فردِ واحد نے کئی کئی نوٹ اپنے پاس رکھے کیوں کہ شروع میں یہ نوٹ صرف محدود تعداد میں ہی جاری کیے گئے تھے لیکن پھر کرنسی کے طور پر مارکیٹ میں آجانے کے بعد اس نوٹ نے اپنی وقّت کھو دی اور لوگوں نے پھر صرف ایک نوٹ رکھ کر باقی کو جلد سے جلد بیچنے کی کوشش کی۔اب لوگ اس نوٹ سے خرید و فروخت سے پر ہیز کر رہے ہیں اور اگر کوئی اس نوٹ کو استعمال کرنا بھی چاہے تو نوٹ لینے والا اس نوٹ کو لینے سے منع کردیتا ہے۔جبکہ یہ نوٹ مکمل طور پر قابلِ استعمال ہے اور اس پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر جمیل احمد کے دستخط بھی موجود ہیں پھر بھی لوگ اس نوٹ کے استعمال سے پرہیز کر رہے ہیں۔

اکثر لوگ تو اس نوٹ کو بورڈ گیم مونوپولی کا کھلونا نوٹ بھی قرار دے رہے ہیں اور کسی بھی حال اس کو لینے سے انکاری ہوجاتے ہیں۔لیکن اس متعلق بعض دکانداروں کی رائے یہ ہے کہ اس نوٹ کے استعمال میں انکو کوئی مسئلہ نہیں ہے کیوں کہ اگر خریدار ان سے یہ نوٹ نہیں لیتا تو وہ اس نوٹ کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے تبدیل کروا لیتے ہیں لہٰذا وہ بے دھڑک اس نوٹ کو خریدار سے لے لیتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close