سینئر صحافی حامد میر کی خبر پر ڈی جی آئی ایس پی آر کا ردِعمل آگیا

راولپنڈی(پی این آئی)ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چودھری سے سوالات کے سیشن کے دوران ایک صحافی نے سوال کیا کہ ”سینئر صحافی حامدمیر نے بتایا کہ 2019 میں سابق آرمی چیف نے کچھ صحافیوں کو بریفنگ دی اور کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی پاکستان کا دورہ کریں گے اور پاک فوج کی تیاریوں کے حوالے سے بھی بتایا “اس حوالے سے سوشل میڈیا پر بحث بھی ہورہی ہے کہ اس پر کوئی ایکشن بھی ہونا چاہئے جنہوں نے یہ بات کی ہے ؟

ڈی جی آئی ایس پی آر نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ دومعاملات کی طرف آپ نے اشارہ کیا ہے ایک کشمیر اور دوسرا آپریشن کی تیاریوں کے حوالے سے ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ بھارت کے جارحانہ عزائم ،بے بنیاد الزامات اور دعوے تاریخ کے اوراق کو نہیں بدل سکتے ،کشمیر کی عالمی تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو نہیں بدل سکتے،میجرجنرل احمد شریف چودھری نے کہاکہ کشمیر نہ کبھی بھارت کا اٹوٹ انگ رہا ہے نہ رہے گا،آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کمان سنبھالنے کے بعد پہلا دورہ لائن آف کنٹرول کا کیا اور واضح الفاظ میں پیغام دیاکہ افواج پاکستان اس ملک کے چپے چپے کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور ضرورت پڑی تو ہم اس جنگ کو دشمن کے علاقے میں لے جائیں گے ۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ میں یہاں کہنابھی ضروری سمجھتا ہوں کہ اگر کسی غلط فہمی کی وجہ سے ہندوستان کوئی مہم جوئی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے تو عوامی حوصلے اور عوامی سپورٹ کے ساتھ افواج پاکستان اس کو بھرپور جواب دے گی اس میں کوئی شک نہیں ہوناچاہئے۔آپریشنل تیاریوں کے حوالے سے جواب دیتے ہوئے میجر جنرل احمد شریف چودھری نے کہاکہ افواج پاکستان نے دودہائیوں سے طویل دہشتگردی کیخلاف ایک انتہائی دشوارگزار اور قربانیوں سے بھرپور جنگ لڑی ہے ،ہمارے پاس ہر قسم کی جنگی صلاحیت موجود ہے ۔

انہوں نے کہاکہ اگر آپریشن کی تیاریوں سے آگے کی بات کریں توفروری 2019 میں پلوامہ میں ہندوستان نے مکمل منصوبہ بندی کرکے جس کے ثبوت ان کے اپنے گورنر سیتاپال ملک اور سابق آرمی خود دے رہے ہیں،انہوں نے پوری سوچ سمجھ ،منصوبہ بندی کے ساتھ وہ آئے، پاک فوج کی آپریشنل تیاریاں آپ کے سامنے ہے اور تاریخ اس کی گواہ ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے دفاعی بجٹ میں کئی دہائیوں سے فرق ہے ،پرکیپٹافوجی پر جو خرچہ ہوتا ہے وہ تو کئی دہائیوں سے بھارت کا ہم سے بہت زیادہ ہے،لیکن نہ یہ شک پہلے کسی کو تھا نہ اب ہے اورنہ آئندہ رہے گا،آپ ان چیزوں کو بالائے طاق بھی رکھ دیں توپاکستان فوج کاایک ایک سپاہی ایمان تقویٰ اورجہاد فی سبیل اللہ کے جذبے سے سرشار ہے اور ہم شہادت کو آگے بڑھ کر گلے لگاتے ہیں ۔ہم اپنے جسد خاکی آئے روز اس زمین میں ڈالتے ہیں آپ اور قوم اس کی گواہ ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close