وزیراعظم سے اعتماد کا ووٹ لینے کے لئے صدر مملکت کو مراسلہ لکھ دیا گیا

اسلام آباد(پی این آئی) سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے وزیراعظم سے اعتماد کا ووٹ لینے کے لئے صدر مملکت کو مراسلہ لکھ دیا۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف ایوان کا اعتماد کھو چکے ہیں۔

صدر مملکت ایوان سے اعتماد کا ووٹ لینے کی ایڈوائس کریں۔مراسلے کے مطابق یہ بھی کہا گیا کہ الیکشن کرانا حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے۔یہ خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق اعتماد کے ووٹ کے حوالے سے نواز شریف اور دیگر رہنماؤں سے مشاورت کر لی گئی۔وزیراعظم نے اتحادی جماعتوں کے تمام ارکان کو اسلام آباد میں موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا رواں ہفتے ہی قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا امکان ہے۔وزیراعظم کو ایوان کا اعتماد ثابت کرنے کے لئے کم از کم 172 ووٹ حاصل کرنے ہوں گے۔ تاہم پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر رہنما اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ نہیں کیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں حکومتی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ اعتماد کا ووٹ لینے سے متعلق مشاورت ہوئی نہ اس کی ضرورت ہے۔

عوام، پارٹی اور اتحادی جماعتوں کے متفقہ امیدوار شہباز شریف 11 اپریل 2022؁ کو قومی اسمبلی کے قائد ایوان کا ووٹ لے چکے ہیں، من گھڑت افواہ حقیقت نہیں، میڈیا بغیر تصدیق وزیراعظم سے متعلق خبریں نہ چلائے۔واضح رہے کہ شہباز شریف کل وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی طلب کر چکے ہیں جس میں موجودہ سیاسی صورتحال سمیت پنجاب، کے پی انتخابات اور سیاسی جماعتوں سے مشاورتی عمل سے متعلق بات چیت کی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close