عمران خان کا ٹکٹوں کی تقسیم  پر نظرثانی کا فیصلہ

لاہور(پی این آئی) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر بھجوائی گئی درخواستوں پر نظرثانی کا فیصلہ کرلیا ہے۔

 

 

انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر قائم کی جانے والی 4 مفاہمتی کمیٹیوں کیجانب سے بھجوائی جانے والی درخواستوں پر نظرِثانی کے عمل کا آغاز میں کل سےکروں گا جو 26 اپریل تک جاری رہے گا۔مزید برآں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ٹویٹر پر اپنے ردعمل میں کہا کہ علی امین گنڈاپور کے ساتھ جس قسم کا سلوک (اغواء کرکے ذہنی اذیت دینے یا تذلیل کی غرض سے دورانِ حراست شہرشہر گھمانے) روا رکھا جارہا ہے اس کی سیدھی سی وجہ یہ ہےکہ وہ پارٹی کی نظریاتی شخصیات میں سے ایک اور ہمارے کارکنوں میں ہردلعزیز ہیں۔وہ لوگ جو ان احمقانہ کارروائیوں میں ملوث ہیں، اس احساس تک سے محروم ہیں کہ ان ہتھکنڈوں سےوہ اپنے لئے ذلّت کا سامان کرنے اور ملّت وریاست کے مابین فاصلے بڑھانے کے علاوہ کچھ نہیں کررہے۔جو کچھ مشرقی پاکستان میں کیا گیا وہی سب پھر سے دہرایا جارہا ہے۔

 

 

حالانکہ جس بیباکی و استقامت سے علی امین نے ان مصائب و مشکلات کا سامنا کیا ہے اس سے ہماری نگاہوں میں ان کی قدر و منزلت میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ یاد رہے علی امین گنڈا پور کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق شکار پور کے اسپیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں رہنما پی ٹی آئی علی امین گنڈا پور کو اشتعال انگیز تقاریر کیس میں پیش کیا گیا،پولیس نے سابق وفاقی وزیر کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔عدالت نے پولیس کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور کا جوڈیشل ریمانڈ منظور کر لیا اور انہیں سکھر سینٹرل جیل میں بھیج دیا۔ عدالت نے رہنما پی ٹی آئی کو 26 اپریل کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close