لاہور(پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اوکاڑہ سے مزدور رہنما مہر عبدالستار کو ٹکٹ جاری کر دیا۔مہر عبدالستار کو اوکاڑہ میں پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 186 کا ٹکٹ جاری کیا گیا۔
مزدور رہنما مہر عبدالستار طویل عرصے سے مزارعین کے مالکانہ حقوق کی تحریک کی قیادت کر رہے ہیں۔علاوہ ازیں مہر عبدالستار اپنی جدوجہد میں ساڑھے چار سال جیل میں بھی گزر چکے ہیں۔عمران خان کی جانب سے مزدور رہنما کو ٹکٹ جاری کرنے پر عمران خان کو سوشل میڈیا پر کافی سراہا جا رہا ہے۔دوسری جانب فیصل آباد میں پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کی جانب سے ٹکٹ کی تقسیم پر شدید ردعمل دیکھنے میں آیا ہے۔ہم نیوز کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کے پی پی 101 سے اہم رہنما شمشیر حیدر وٹو نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے پارٹی قیادت کی جانب سے ٹکٹوں کی تقسیم کے عمل کو غیر منصفانہ قرار دے دیا اور کہا کہ پارٹی کے لئے قربانیاں دینے والوں کو سائیڈ پر کیا گیا ہے ۔ خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی نائب صدر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کی 297 نشستوں پر ٹکٹ جاری کردئیے ہیں۔ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب کے چاروں ریجن میں اپیل کمیٹیاں بھی بنا دی گئی ہیں، ٹکٹ پر نظرثانی کے لیے اپیل دائر کی جا سکتی ہے۔
عمران خان تمام اپیلوں پر حتمی فیصلہ خود کریں گے۔جب کہ عمران خان کی جانب سے صوبہ پنجاب کی صوبائی نشستوں پر پارٹی امیدواروں کے اعلان کے ساتھ ہی زمان پارک کے گرد و نواح میں لگائے گئے کیمپ ویران ہو گئے، بتایا گیا ہے کہ عمران خان کی جانب سے انتخابی ٹکٹوں کے اعلان میں جن امیدواروں کو ٹکٹوں کا اجراء کیا گیا یا پھر جو محروم رہے دونوں سائیڈوں کے پارٹی رہنما کیمپ سمیٹ کر اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہو چکے ہیں اور لگائے گئے کیمپ ویرانی کا منظر پیش کرنے لگے ہیں۔ کیمپوں میں موجود چند ایک پارٹی کارکنوں سے جب کیمپوں کی ویرانی کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ مقصد پورا ہونے اور بہت سے مقصد پورا نہ ہونے پر ناراض ہو کر چلے گئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں